کولمبیا کے ایئر ٹریفک کنٹرول کے درمیان ہونے والی بات چیت کی آڈیو ٹیپ منظرعام پر آگئی

کولمبیا: حادثے سے پہلے جہاز میں ’ایندھن ختم ہو گیا تھا‘، آڈیو میں متعدد بار یہ کہتے ہوئے سنا جا سکتا ہے الیکڑانک نظام فیل ہونے ایندھن ختم ہونے کی وجہ سے لینڈنگ کی اجازت دی جائے، ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ

جمعہ 2 دسمبر 2016 10:26

کولمبیا( اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔2دسمبر۔2016ء )کولمبیا میں افشا ہونے والی آڈیو کے مطابق برازیل کی ایک فٹبال ٹیم کے کھلاڑیوں کو لیجانے والے چارٹرڈ ہوائی جہاز میں حادثے سے پہلے ایندھن ختم ہو گیا تھا۔حادثے کا شکار ہونے والے چارچرڈ طیارے میں برازیلی فٹبال کلب چپیکونس کے کھلاڑیوں سمیت 77 سوار تھے جن میں صرف چھ افراد زندہ بچے ہیں۔ہوائی جہاز کے پائلٹ اور کولمبیا کے ایئر ٹریفک کنٹرول کے درمیان ہونے والی بات چیت کی آڈیو ٹیپ منظرعام پر آئی ہے جس میں پائلٹ کو متعدد بار یہ کہتے ہوئے سنا جا سکتا ہے کہ الیکڑانک نظام فیل ہونے اور ایندھن ختم ہونے کی وجہ سے لینڈنگ کی اجازت دی جائے۔

افشا ہونے والی آڈیو ٹیپ سے اندازہ ہوتا ہے کہ حادثے سے پہلے آخری لمحات میں کیا ہوا۔

(جاری ہے)

اس آڈیو میں پائلٹ کو وارننگ دیتے ہوئے سنا جا سکتا ہے کہ جہاز کا الیکڑانک نظام مکمل طور پر فیل ہو گیا ہے جبکہ جہاز میں ایندھن بھی نہیں ہے۔انھوں نے بتایا کہ ابھی تک یہ واضح نہیں ہو سکا کہ جہاز میں ایندھن کیوں ختم ہو گیا تھا، آیا لیکیج یا رساوٴ کی وجہ سے ایندھن ختم ہوا یا اس میں ایندھن پہلے سے ہی کم تھا۔

حادثے کی تحقیقات کرنے والے حکام نے ابھی تک حادثے کی وجوہات کے بارے میں معلومات فراہم نہیں کی ہیں جبکہ تحقیقات مکمل ہونے میں کئی ماہ لگ سکتے ہیں۔ہوائی حادثے میں برازیل کے فٹبال کلب کے کھلاڑیوں کی موت کے بعد دنیا بھر میں فٹبال شائقین سوگ منا رہے ہیں۔یہ ٹیم کوپا سڈامریکانا کا فائنل میچ کھیلنے جا رہی تھی جسے اس کلب کی تاریخ کا سب سے بڑا مقابلہ قرار دیا جارہا تھا۔

بارسلونا کلب کے لیونل میسی اور نیمار، مانچسٹریونائیٹڈ کلب کے وائن رونی سمیت کئی نامور کھلاڑیوں نے ہلاک ہونے والے کھلاڑیوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔کولمبیا کے ہوابازی کے محکمے کا کہنا ہے کہ طیارے میں 21 صحافی بھی سوار تھے اور دونوں فلائٹ ریکارڈرز مل گئے ہیں۔ابتدائی طور پر طیارے میں سوار افراد کی تعداد 81 بتائی گئی تھی تاہم کولمبین حکام کے مطابق ان میں سے چار افراد طیارے میں سوار نہیں ہوئے تھے۔

حادثے میں بچ جانے والے چھ افراد میں سے تین فٹبال کھلاڑی ہیں۔ جن میں ایلن روشل ، ہلیو زیمپر اور گول کیپر جیکسن فولمین شامل ہیں۔ڈنیلو کے نام سے جانے پہچانے جانے والے فٹبال کھلاڑی گول کیپر مارکوس پڈلہا کو بھی ملبے سے زندہ نکالا گیا تھا تاہم وہ ہسپتال میں چل بسے۔طیارے میں سوار 21 صحافیوں میں سے چھ فاکس سپورٹس برازیل اور دیگر گلوبو میڈیا کے لیے کام کرتے تھے۔

متعلقہ عنوان :