شریف فیملی کی منی لانڈرنگ،سپریم کورٹ برطانوی شہری کے خط پر ازخود نوٹس لے سکتی ہے،آئینی ماہرین

خط کوآئین کی دفعہ 184(3)کے تحت پٹیشن میں تبدیل کیاجاسکتاہے، کاشف مسعودنے 26نومبرکو74صفحات پرمشتمل دستاویزات کے ساتھ سپریم کورٹ کو خط لکھا خاندان کے تین افرادکے نام پراکاوٴنٹ کھولے گئے 50لاکھ پاوٴنڈکی رقم جمع کرائی گئی اوراس پرلاکھوں روپے کاقرضہ حاصل کیاگیاجو شریف خاندان نے استعمال کیا،خط کا متن دستاویزات کو تحریک انصاف کی درخواست کے ساتھ لگایا جا سکتا ہے،کامران مرتضیٰ،دشریف فیملی کی منی لانڈرنگ کے خلاف کیس مزیدمستحکم ہوگا،فوادچوہدری

بدھ 30 نومبر 2016 11:36

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔30نومبر۔2016ء)آئینی ماہرین نے کہاہے کہ پاکستانی نژادبرطانوی شہری کی طرف سے شریف فیملی کی طرف سے منی لانڈرنگ کے حوالے سے سپریم کورٹ کولکھاگیاخط پرسپریم کورٹ صرف اس صورت غورکرسکتی ہے اگروہ اپنی ازخودنوٹس کے اختیارات کواستعمال کرے ۔آئینی ماہرین نے کہاکہ خط کوآئین کی دفعہ 184(3)کے تحت پٹیشن میں تبدیل کیاجاسکتاہے ۔

برطانوی شہری کاشف مسعود قاضی کی جانب سے 26نومبرکو74صفحات پرمشتمل دستاویزات کے ساتھ سپریم کورٹ کوایک خط لکھاگیاتھاجس میں دعویٰ کیاگیاہے کہ شریف فیملی منی لانڈرنگ میں ملوث ہے ،کاشف مسعودنامی شخص کی طرف سے لکھے گئے خط میں دعویٰ کیاگیاہے کہ اس کی قاضی فیملی کے وزیرخزانہ اسحاق ڈارکے ساتھ قریبی تعلقات تھے اوراس کے باپ مسعودقاضی نے برطانیہ میں تعلیم حاصل کرنے کیلئے اسحاق ڈارکوسپانسرکیاتھا،خط میں کہاگیاہے کہ اس کے خاندان کے تین افرادکے نام پراکاوٴنٹ کھولے گئے جن میں 50لاکھ پاوٴنڈکی رقم جمع کرائی گئی اوراس پرلاکھوں روپے کاقرضہ حاصل کیاگیاجوشریف فیملی کے خاندان نے استعمال کیا۔

(جاری ہے)

ان جعلی بینک اکاوٴنٹس کے ذریعے منی لانڈرنگ کی گئی ۔پاکستان بارکونسل کے فوکل پرسن کامران مرتضیٰ نے اس معاملے پراظہارخیال کرتے ہوئے کہاکہ سپریم کورٹ اس خط کاصرف ازخودنوٹس کے تحت ہی جائزہ لے سکتی ہے ۔انہوں نے کہاکہ قواعدکے تحت ای میلزکے ذریعے بھیجاگیاخط قابل قبول نہیں ہوتا،تاہم ان دستاویزات کوپاکستان تحریک انصاف کی درخواست کے ساتھ لگایاجاسکتاہے اورپاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی قانونی ٹیم ان دستاویزات کواپنی طرف سے رکارڈکاحصہ بنانے کی تجویزدے سکتی ہے ۔

پاکستان تحریک انصاف کے ترجمان فوادچوہدری نے کہاکہ امیدہے کہ تحریک انصاف خط اورچوبیس صفحات کی دستاویزات پرغورکریگی۔انہوں نے کہاکہ اگرقطرکے شہزادے کے خط کوشہادت کے طورپرپیش کیاجاسکتاہے توان دستاویزات کوبھی ریکارڈکاحصہ بنایاجاسکتاہے ۔انہوں نے کہاکہ ان دستاویزات سے شریف فیملی کی منی لانڈرنگ کے خلاف کیس مزیدمستحکم ہوگا۔کاشف مسعودقاضی کے خط کے بارے میں گزشتہ روزنجی ٹی وی چینلز کے بعض پروگراموں میں بھی تذکرہ کیاگیا