بلوچستان میں دہشتگردی پر قابو پانا تو درکنار وفاقی اور صوبائی حکومت واقعات کی تحقیقات بھی منظر عام پر لانے میں ناکام ہے،شاہ محمود قریشی

گڈانی میں بحری جہاز پر آتشزدگی کے واقعہ کے بعد پوری صنعت پر دفعہ144نافذ کرکے باقی زندہ محنت کشوں کو بھی فاقہ کشی پر مجبور کردیا گیا ہے، محنت کشوں اور پارٹی کے کارکنوں سے خطاب

منگل 29 نومبر 2016 11:55

لسبیلہ(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔29نومبر۔2016ء) بلوچستان میں ہونے والی دہشتگردی کے واقعات پر قابو پانا تو درکنار وفاقی اور صوبائی حکومت ان واقعات کی تحقیقات بھی منظر عام پر لانے میں ناکام ہے گڈانی میں بحری جہاز پر آتشزدگی کے واقعہ کے بعد پوری صنعت پر دفعہ144نافذ کرکے باقی زندہ محنت کشوں کو بھی فاقہ کشی پر مجبور کردیا گیا ہے ان خیالات کا اظہار پاکستان کے سابق وزیر خارجہ اور پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی وائس چیئرمین اور رکن قومی اسمبلی مخدوم شاہ محمود قریشی نے پیر کے روز شپ بریکنگ یارڈ گڈانی میں آتشزدگی اور اموات کا سبب بننے والے ناکارہ بحری جہاز کے پلاٹ پر کام کرنے والے محنت کشوں اور اپنی پارٹی کے کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر پی ٹی آئی صوبہ سندھ کے سینئر نائب صدر حلیم عادل شیخ ،پی ٹی آئی بلوچستان کے رہنما اسماعیل لہڑی ،پی ٹی آئی لسبیلہ کے رہنما ٹکر ی نذر محمد ایڈوکیٹ ،شپ بریکنگ لیبر یونین (سی بی اے ) کے سیکرٹری جنرل بابو عبدالکریم جان اور مزدور رہنما بشیر احمد محمودانی نے بھی خطاب کیا شاہ محمود قریشی نے کہا کہ گڈانی شپ بریکنگ یارڈ کے سانحہ کو ایک ماہ گزر گیا ہے مگر حکومت کی جانب سے تحقیقات کے لئے قائم کی گئی کمیٹی کی جانب سے کوئی بھی رپورٹ منظر عام پر نہیں لائی گئی ہے انہوں نے کہا کہ شاہ نورانی کی درگاہ پربم دھماکے میں قیمتی انسانی جانیں ضائع ہوئیں اور کوئٹہ سول ہسپتال میں بھی بم دھماکے کے دوران وکلاء کی قیمتی جانیں ضائع ہوئیں مگر حکومتی تحقیقات سامنے نہیں آئی یہاں گڈانی میں اربوں روپے کا کاروبار ہورہا ہے مگر مزدوروں کی سہولتوں کے لئے بنیادی سہولتیں تو درکنار پینے کا پانی تک دستیاب نہیں ہے کوئی بڑا ہسپتال طبی اور بنیادی سہولتوں کا نام ونشان تک نہیں ہے وفاق میں بھی مسلم لیگ نواز کی حکومت ہے اور صوبے میں بھی مسلم لیگ (ن) کی حکومت ہے مگر انسانوں کا کوئی پرسان حال نہیں یہاں کوئی قانون نہیں مزدوروں کے لئے کوئی سہولت نہیں اپنے خطاب کے دوران مخدوم شاہ محمود قریشی نے سانحہ گڈانی میں جاں بحق محنت کشوں کے ایصال ثواب کے لئے فاتحہ خوانی بھی کی اور دعائے مغفرت بھی پڑھی قبل ازیں انہوں نے سوالی بلوچ گوٹھ اور سرمستانی بلوچ گوٹھ کے جاں بحق مزدوروں کے لئے گڈانی موڑ کے قریب سوگوار خاندان کے پاس جاکر تعزیت اور فاتحہ خوانی کی اس موقع پرانہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اتنے بڑے سانحہ پر پور ی قوم سوگوار ہے ۔