سکھر، نوسر باز خواتین صراف کو بیس لاکھ کا چونا لگاگئیں

صراف کو باتوں میں الجھاکرچالیس تولے سونے کی چوڑیوں کا ڈبا ہی لے اڑیں

پیر 28 نومبر 2016 10:43

سکھر(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔28نومبر۔2016ء)سکھرمیں نوسر باز خواتین صراف کو بیس لاکھ روپے کا چونا لگاگئیں ، صراف کو باتوں میں الجھاکرچالیس تولے سونے کی چوڑیوں کا ڈبا ہی لے اڑیں ، دو ماہ قبل بھی صرافہ بازار میں اسی طرح کی واردات ہو چکی ہے ، پولیس نو سر باز خواتین کو گرفتارکرنے میں ناکام تفصیلات کے مطابق سکھر کے صرافہ بازار میں غنی اینڈ سنز صراف کی دکان پر تین برقعہ پوش نوسر باز خواتین نے زیورات لینے کے بہانے صراف کا باتوں میں الجھا لیا اور اس کی دکان سے چوڑیوں کا ڈبہ اٹھا کر فرار ہوگئیں صراف انور بابو غنی کے مطابق چوڑیوں کے ڈبے میں چھ سے زائد چوڑیوں کے سیٹ تھے جن کا وزن چالیس تولے تھا اور ان کی مالیت بیس لاکھ روپہے سے زائد تھی جبکہ صرافہ بازار ایسوسی ایشن کے صدر جا وید میمن کے مطابق دو ماہ قبل بھی کریم اینڈ سنز کی دکان پر اسی طرح کی واردات ہو چکی ہے اور وہاں پر بھی واردات کرنے والی برقعہ پوش تین خواتین ہی تھیں پولیس اطلاع کے باوجود اس وقت خواتین کے اس نوسر باز گروہ کو گرفتارکرنے میں کامیاب نہیں ہو سکی ہے اور نہ ہی اس واقردات کا کوئی مقدمہ درج ہوسکا ہے جبکہ واردات کے بعد پوری بازار میں خوف اور تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے ۔