کراچی ، نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ڈی ایس پی ٹریفک فیض علی شگری جاں بحق

پیر 28 نومبر 2016 11:22

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔28نومبر۔2016ء) کراچی میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ڈی ایس پی ٹریفک فیض علی شگری جاں بحق جب کہ ایک اہلکار زخمی ہوگیا۔ کراچی کے علاقے گلشن اقبال کی کنیز فاطمہ سوسائٹی میں نامعلوم افراد نے ٹریفک پولیس اہلکاروں کی گاڑی پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں 2 اہلکار زخمی ہوگئے۔

(جاری ہے)

فائرنگ کے واقعے کے بعد ریسکیو ٹیموں نے فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ کر اہلکاروں کو قریبی اسپتال پہنچایا جہاں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ایک اہلکار جاں بحق ہوگیا جس کی شناخت ڈی ایس پی ٹریفک فیض علی شگری کے نام سے ہوئی۔

پولیس کے مطابق نامعلوم افراد کی گولیوں کا نشانہ بننے والے فیض علی شگری ڈی ایس پی ٹریفک ایئرپورٹ تعینات تھے جب کہ زخمی ہونے والے دوسرے اہلکار کی بھی حالت تشویشناک ہے۔ دوسری جانب رینجرز اور پولیس نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر شواہد اکٹھے کرنے کے بعد ملزمان کی تلاش شروع کردی۔ڈی آئی جی ٹریفک پولیس آصف اعجازکے مطابق موٹرسائیکل سوار2ملزموں نے فائرنگ کی،فیض شگری کوٹارگٹ کلنگ کانشانہ بنایاگیا، مقتول ڈی ایس پی سابق آئی جی سندھ افضل شگری کے رشتے دارتھے۔ فائرنگ کی جگہ سینائن ایم ایم کے 11 خول ملے۔