کراچی کی طرز پر اندرونِ سندھ بھی آپریشن کی ضرورت ہے، پیرپگارا

مسلم لیگ (فنکشنل) کے سربراہ کی ایم کیو ایم کے رہنما عامر خان کی رہائش گاہ پر ظہرانے کے بعد میڈیا سے بات چیت

ہفتہ 26 نومبر 2016 11:29

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔26نومبر۔2016ء)پاکستان مسلم لیگ (فنکشنل) کے سربراہ پیرپگارا نے کہا ہے کہ آرمی چیف کی خدمات لائقِ ستائش ہیں، ہم افواجِ پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں، کراچی کی طرز پر اندرونِ سندھ بھی آپریشن کی ضرورت ہے۔یہ بات انہوں نے ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما عامر خان کی رہائش گاہ پر ظہرانے کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہی،انہوں نے کہا کہ عامر خان مجھ سے ملنا چاہتے تھے میں نے جواب دیا کہ میرا خرچہ کیوں کراتے ہو میں خود تمہارے گھر آجاتا ہوں۔

پیرپگارا صبغت اللہ شاہ راشدی نے آرمی چیف راحیل شریف کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ افواجِ پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں،فوجی جوان ملک کے لئے جانوں کا نذرانہ پیش کررہے ہیں، ہم سب کو مل کر فوج کا ساتھ دینا پڑے گا ضربِ عضب اور کراچی میں امن کا تسلسل بڑی کامیابی ہے جسے جاری رہنا چاہیے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ میں نے 2013 کے انتخابات سے پہلے ہی کہہ دیا تھا کہ پیپلزپارٹی تین صوبوں سے آوٴٹ ہوجائے گی کیوں کہ کارکردگی صفر ہو تو ایسے ہی نتائج سامنے آتے ہیں، گزشتہ آٹھ سالوں میں سندھ کا جو حال کیا گیا ہے اس کے سدباب کے لیے ایم کیو ایم کے ساتھ مل کر لائحہ عمل بنائیں گے۔

پیر صاحب پگارا نے کہا کہ کراچی کی طرح اندرونِ سندھ بھی آپریشن ہونا چاہیے تا کہ جرائم کا خاتمہ ہو اور کرپشن سے عوام کی جان چْھوٹے،اندرونِ سندھ میں ترقیاتی فنڈز غلط جگہوں پر لگائے گئے ہیں نئے وزیر اعلیٰ آئے ہیں لیکن ان کے پاس وقت ہی کتنا رہ گیا ہے؟ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما عامر خان نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ پیر پگارا کی جانب سے عزت افزائی کا موقع دینے پر نہایت شکر گذار ہوں میں اور میری پارٹی کے لیے یہ اعزاز کی بات ہے کہ پیر پگارا صاحب میرے گھر تشریف لائے اور ہمارے ساتھ ظہرانہ کیا۔