عوام جنرل راحیل شریف کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھیں گے،صد ر ممنون

پاکستان کی اقتصادی اور پلاننگ پالیسیاں بہت اچھی ہیں، سب کو قائد اعظم کے خواب کو پورا کرنا ہے،میڈیا ہمیشہ حقیقت پسندی کی بنیاد پر رپورٹنگ کرے،آرمی چیف کے اعزاز میں عشائیے کی تقریب سے خطاب

ہفتہ 26 نومبر 2016 11:38

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔26نومبر۔2016ء) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ پاکستان کے عوام جنرل راحیل شریف کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھیں گے۔ راحیل شریف کا آپریشن ضرب عضب میں بہت اہم کردار ہے۔ گزشتہ شب ایوان صدر اسلام آباد میں آرمی چیف جنرل راحیل شریف کے اعزاز میں دئیے گئے عشائیے کی تقریب سے مختصر خطاب میں کہی‘ ان کا کہنا تھا کہ یہ خوشی کی بات ہے اور بہت اہم دن ہے کہ ایک آرمی چیف اپنی مدت ملازمت مکمل کرکے اگلے آرمی چیف کو لایا جارہا ہے۔

انہوں نے خطاب کے دوران میڈیا نمائندوں سے شکایت کرتے ہوئے کہا کہ ہمیشہ حقیقت پسندی کی بنیاد پر رپورٹنگ کریں۔ رپورٹنگ کے دوران احتیاط سے کام لینا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ جنرل راحیل شریف کی قیادت میں آپریشن ضرب عضب ‘ کراچی آپریشن اور بلوچستان آپریشن کا آغاز ہوا ہے اور کامیابی کی جانب گامزن ہے۔

(جاری ہے)

اس لئے یہ تاریخ کا ایک سنہری باب ہے۔

جنرل راحیل اپنے اس اقدام پر فخر کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ ابتدائی طو رپر دہشت گردوں کے خلاف آپریشن میں ائیر فورس نے کلیدی کردار ادا کیا جبکہ قومی سلامتی کے مشیر ناصر جنجوعہ نے بھی بلوچستان کے معاملے میں بہت کام کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم جنرل راحیل شریف کو عزت وقار کے ساتھ رخصت رہے ہیں۔ پاکستان میں یہ تبدیلی خوش آئند ہے۔ یہ آنے والی سروسز کے لوگوں کیلئے مثالی بنے گی۔

میں اپنی طرف سے راحیل شریف کو خدا حافظ کہتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ملاقات کے دوران جنرل راحیل سے پوچھا کہ آپ کے جانے کے بعد کراچی کے آپریشن کاکیا ہوگا۔ جنرل راحیل نے ہمیں یقین دلایا کہ کراچی آپریشن آخری جرائم کے خاتمے تک جاری رہے گا۔ انہوں نے کہاکہ جنرل راحیل شریف بہت اچھی روایات چھوڑ کر جارہے ہیں۔ ہم سب کو پاکستان آگے لے کر جانا ہے انہوں نے کہا کہ پاکستان کی اقتصادی اور پلاننگ پالیسیاں بہت اچھی ہیں۔

خطے کے تمام ممالک کے صدورنے ہمیں بتایا کہ جب سی پیک منصوبہ مکمل ہوگا تو ہمارا ملک اس منصوبے میں کس طرح حصہ دار بنے گا۔ انہوں نے کہاکہ ہم سب کو قائد اعظم محمد علی جناح کے خواب کو پورا کرنا ہے جنرل راحیل شریف نے پاکستان کی خدمت کی پاکستان کے عوام ہمیشہ یاد رکھیں گے۔