وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی طبیعت ناساز ہونے کے سبب اسپتال منتقل

ہیلتھ ریفارمز اجلاس کی سربراہی کے دوران انہیں سینے میں تکلیف محسوس ہوئی،وزیراعلیٰ خودچل کرہسپتال گئے میری صحت کیلئے دعائیں کرنے پر قوم کا شکر گزار ہوں:وزیر اعلی وزیر اعلی کو ضروری ٹیسٹوں کے بعد ہسپتال سے ڈسچارج کر دیا گیا

جمعرات 24 نومبر 2016 10:57

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔24نومبر۔2016ء) وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی طبیعت ناساز ہونے کے سبب انہیں اسپتال منتقل کیاگیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف ہیلتھ ریفارمز اجلاس کی سربراہی کر رہے تھے کہ اس دوران انہیں سینے میں تکلیف محسوس ہوئی جس پر وہ اجلاس ملتوی اسپتال گئے۔ شہبازشریف جس جگہ اجلاس کی صدارت کررہے تھے ہسپتال وہاں سے چند قدم دور تھا اور وزیراعلیٰ خود چل کرہسپتال گئے جہاں ان کے معالج نے شہباز شریف کا چیک اپ کیا۔

ڈاکٹر کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی طبیعت آرام نہ کرنے اور مسلسل کام کرنے کی وجہ سے ناساز ہوئی تھی تاہم شہباز شریف کی طبعیت بالکل ٹھیک ہے اور تمام رپورٹس کے رزلٹ کلیئر ہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب کے اسٹاف ممبران نے بتایا کہ وہ صبح 7 بجے سے اپنے دفتر میں موجود ہیں اور اس دوران مختلف دوروں سمیت میٹنگز کی بھی صدارت کی۔

(جاری ہے)

دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ قوم کی دعاوٴں سے بالکل ٹھیک ہوں، ڈاکٹروں نے بالکل صحت مند بتایا ہے۔

ضروی ٹیسٹوں کے نارمل آنے کے بعد وزیر اعلی پنجاب کو ڈسچارج کر دیاگیا۔وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف اتفاق ہسپتال سے اپنی رہائش گاہ منتقل ہو گئے ہیں - وزیر اعلی نے کہا ہے کہ میری صحت یابی کے لئے دعائیں کرنے پر پوری قوم کا شکریہ ادا کرتا ہوں -اللہ تعالی کے فضل و کرم اور عوام کی دعاؤں سے صحت یاب ہوں اور میڈیکل ٹیسٹ بھی بالکل ٹھیک ہیں - ترجمان حکومت پنجاب نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف خیریت سے ہیں اور ان کے تمام میڈیکل ٹیسٹ نارمل آئے ہیں -وزیر اعلی کا چیک اپ اتفاق ہسپتال میں کیا گیا-وزیر اعلی نے کہا کہ اللہ تعالی کے فضل و کرم اور قوم کی دعاؤں سے بالکل خیریت سے ہوں اور میری صحت کیلئے دعائیں کرنے پر قوم کا شکر گزار ہوں-تمام ٹیسٹ ٹھیک آنے کے بعد ان کو ہسپتال سے ڈسچارج کر دیا گیا ۔