دوران سفر حاجیوں کو نماز کی سہولت کیلئے اقدام کریں، حکومت کی فضائی کمپنیوں کی ہدایت

شریعت کے مطابق دوران سفر دو نمازیں اکٹھی پڑھی جا سکتی ہیں، پیر امین الحسنات کا قومی اسمبلی میں سوالات کے جواب میں اظہار خیال

منگل 22 نومبر 2016 11:16

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔22نومبر۔2016ء)وزیر مملکت مذہبی امور پیر امین الحسنات نے کہا ہے کہ حکومت نے چاروں فضائی کمپنیوں کو ہدایت کی ہے کہ ہوائی سفر کے دوران حاجیوں کو نماز کی سہولت کیلئے اقدامات کیے جائیں، انہوں نے کہا کہ شریعت کے مطابق دوران سفر دو نمازیں اکٹھی پڑھی جا سکتی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے یہ بات قومی اسمبلی میں ایم این اے نعیمہ کشور اور شاہدہ اختر علی کی طرف سے اٹھائے گئے سوال کے جواب میں کہی، وزیر پارلیمانی امور نے کہا کہ شریعت کے مطابق مسلمان اونٹ اور دیگر سواریوں پر نماز ادا کر سکتے ہیں اس لئے اسلام میں آسانیاں ہیں مشکلات نہیں، نعیمہ کشور نے کہا سعودی ایئر لائنز نے نماز کی سہولت فراہم کررکھی ہے، اس لئے پی آئی اے میں بھی نماز کی سہولت دی جائے تو بہتر ہوگا، وزیر مملکت پارلیمانی امور نے کہا انٹر نیشنل فلائٹس پر سہولت فراہم کرنا ممکن نہیں ہے نماز اشاروں سے بھی پڑھی جا سکتی ہے، وزیر مذہبی امور نے کہا پارلیمان کی آراء کی روشنی میں ہوائی کمپنیوں سے بھی مشاورت کریں گے، اور کوئیلائحہ عمل بنالیں گے، شیخ آفتاب احمد نے کہا جہاز میں 500افراد بھیٹتے ہیں ان تمام افراد کے لئے جہاز کے اندر نماز کا انتظام کرنا مشکل ہے نیت ٹھیک ہو تو نماز ہر جگہ پڑھی جا سکتی ہے، مولانا گوہر نے بھی مطالبہ کیا کہ ہوائی سفر کے دوران جہاز کے اندر نماز کی سہولت ہونی چاہئے، مولانا امیر زمان نے کہا اکٹھی دو نمازیں پڑھنے کی اسلام میں اجازت نہیں ہے سیٹ پر بیٹھ کر نماز صرف بیمار لوگ پڑھ سکتے ہیں، جے یو آئی نے مطالبہ کیا کہ حکومت ایوان کو یقین دلائے کہ جہاز کے اندر نماز کی سہولت کے لیے متعلقہ اداروں کو خط لکھ دیا ہے۔

متعلقہ عنوان :