سب کو عمران کی شادی کی فکر ہے میرا کسی کو خیال نہیں، مولانا فضل الرحمان

آرمی چیف کو پوری قوم خراج تحسین پیش کرتی ہے، حکومت اور فوج نے بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا، میڈیا سے گفتگو

منگل 22 نومبر 2016 10:38

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔22نومبر۔2016ء) جمعیت علماء اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ سب کو عمران کی شادی کی فکر ہے میرا کسی کو خیال نہیں،تاہم میری ازدواجی زندگی پرسکون ہے ، آرمی چیف کو پوری قوم خراج تحسین پیش کرتی ہے، حکومت اور فوج نے بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا، جہانگیر بدر مرحوم کے اہلخانہ سے تعزیت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ پوری پاکستانی قوم آرمی چیف جنرل راحیل شریف کو خراج تحسین پیش کرتی ہے ان کی خدمات کو بھی سراہا جا رہا ہے، انہوں نے کہا کہ اقتصادی ترقی کو روکنا کسی اور کا ایجنڈا ہو سکتا ہے، بھارت سی پیک کے خلاف ہے، اس لیے بھارت ایل او سی کی خلاف ورزی کر رہا ہے، پاکستان کی حکومت اور فوج نے بھارت کو منہ توڑ جواب دیا ہے، انہوں نے کہا کہ نئے آرمی چیف سے متعلق ہم سے کوئی مشاورت نہیں کی گئی ایک سوال پر کہا کہ میڈیا کو عمران خان کی شادی کی فکر ہے میری کوئی پرواہ نہیں لیکن میں عمران خان کی طرح پریشانیوں کا شکار نہیں میرے گھر میں سکون ہے اور گھریلو زندگی خوشگوار گزر رہی ہے، مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ خیبرپختونخواہ کی حکومت صوبے کے مسائل سے لاعلم ہے مولانا فضل الرحمان نے اس سے قبل جہانگیر بدر کے گھر پر جا کر ان کے اہل خانہ سے تعزیت کی۔