ترکی ، ریپ سے متعلق قانون پر ہزاروں افراد کا احتجاج

قانون سازی کا مقصد بچوں کی شادی سے متعلق جاری روایت سے نمٹنا ہے ،حکومت اس سے بچوں کے ریپ کو قانونی حیثیت مل جائے گی، ناقدین

پیر 21 نومبر 2016 09:28

انقرہ (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔21نومبر۔2016ء) ترکی میں ہزاروں افراد نے اس مجوزہ قانون کے خلاف احتجاج کیا ہے جس میں تجویز کیا گیا ہے کہ اگر کم سن لڑکی کا ریپ کرنے والا شخص اس لڑکی سے شادی کر لیتا ہے تو وہ سزا سے بچ جائے گا، حکومت کا اصرار ہے کہ اس قانون سازی کا مقصد بچوں کی شادی سے متعلق جاری روایت سے نمٹنا ہے جبکہ ناقدین کا کہنا ہے کہ اس سے بچوں کے ریپ کو قانونی حیثیت مل جائے گی۔

استنبول میں ہزاروں مظاہرین نے احتجاج کے دوران تالیاں بجاتے ہوئے نعرے لگائے کہ ’ہم خاموش نہیں رہیں گے، ہم اسے تسلیم نہیں کریں گے۔ اس بل کو فوری طور پر واپس لیا جائے۔‘ ازمیر اور تربزن سمیت دیگر شہروں میں بھی مظاہرے کیے گئے۔ اس قانون کے تحت اس شخص کو رہا کر دیا جائے گا جو کسی کم سن لڑکی کو بنا کسی جبر، دھمکی کے ریپ کرتا ہے تاہم وہ بعد ازاں اس سے شادی کر لیتا ہے۔

(جاری ہے)

بعض بینرز پر درج تھا ’ریپ کو قانونی شکل نہیں دی جا سکتی۔‘ اور یہ کہ ’اے کے پی میرے جسم سے ہاتھ ہٹاوٴ‘۔ اے کے پی صدر طیب اردوغان کی جماعت ہے جس نے یہ بل پیش کیا ہے۔ مظاہرہ میں شریک ایک خاتون نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’ایک ریپ کی کوئی توجیہہ نہیں ہوتی۔‘ ’ایک بچے سے یہ پوچھنے کا کیا مطلب ہے کہ کیا یہ ٹھیک ہوگا؟ جب تک وہ 18 برس کا نہ ہوجائے۔

بچہ بچہ ہوتا ہے اس لیے اس کی مذمت کی جانی چاہیے۔ ہم یہاں اس لیے آئے ہیں تاکہ یہ قانون منظور نہ کیا جا سکے۔‘ قادر ڈیمر نامی ایک شخص کا کہنا تھا ’یہ یہاں آیا کیونکہ میں نے اپنے ذہن کی سنی۔ کیونکہ میرے بھی بچے ہیں۔ کیونکہ میں ایک ایسے ملک میں رہنا چاہتا ہوں جہاں ہم جی سکتے ہیں۔‘ ایک دوسری خاتون کا کہنا تھا ’ میں ایک ماں ہوں۔

مجھے اس پر کیسا ردِ عمل دینا چاہیے۔ مجھے یقین نہیں آتا، یہ سب صحیح نہیں ہے۔ یہ سمجھ سے باہر ہے۔‘ ’میں نے آج صبح یہ خبر ٹی وی پر دیکھی ہے اور اس کے بعد سے میں 50 بار اپنی بیٹی سے اس کے بارے میں پوچھ چکی ہوں‘ ’اگر یہ میرے بیٹی کے ساتھ ہوجائے تو؟ اگر اس ملک کی مائیں ایسا ہونے دیتی ہیں تو مطلب مائیں ہی نہیں ہیں۔‘ وزیر انصاف بیکر بوزداگ نے نیٹو کے اجلاس میں کہا تھا کہ اس بل کے تحت ریپ کرنے والوں کو رعایت نہیں دی جائے گی۔

ترکی کے وزیرِ اعظم نے اے کی پی کے ارکان سے کہا ہے کہ حزبِ اختلاف کے ساتھ اس بل کے حوالے سے مذاکرات کریں۔ جمعرات کو اس بل پر پارلیمان نے اولین منظوری دے دی ہے جبکہ آئندہ منگل کو اس کے حوالے سے دوسری بحث کی جائے گی۔ اقوامِ متحدہ میں بچوں کے ادارے نے اس بل پر گہرے خدشات کا اظہار کیا ہے۔ ادارے کے ترجمان کرسٹوف بولیریس کا کہنا تھا ’بچوں کے خلاف ایسے قابلِ نفرت تشدد جو جرم بھی ہیں انھیں ہر لحاظ سے قابلِ سزا ہونا چاہیے۔ ‘

متعلقہ عنوان :