بانی ایم کیو ایم کی سیاست ختم ہوچکی ہے‘ ایم کیو ایم اب کمیونٹی رہ گئی ہے‘پرویز مشرف

ایم کیو ایم کا نام اسٹیبلشمنٹ کو پسند نہیں‘ مہاجر لفظ سے میرا بھی اختلاف ہے پانامہ لیکس معاملے پر عدالت نے کوئی نتیجہ نہیں نکالا تو عمران خان کی سیاست کو بڑانقصان ہوگا، نجی ٹی وی سے گفتگو

پیر 21 نومبر 2016 09:54

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔21نومبر۔2016ء) سابق صدر پرویز مشرف نے کہا ہے کہ بانی ایم کیو ایم کی سیاست ختم ہوچکی ہے‘ ایم کیو ایم اب کمیونٹی رہ گئی ہے‘ ایم کیو ایم کا نام اسٹیبلشمنٹ کو پسند نہیں‘ مہاجر لفظ سے میرا بھی اختلاف ہے‘ پانامہ لیکس کے معاملے پر عدالت نے کوئی نتیجہ نہیں نکالا تو عمران خان کی سیاست کو بڑانقصان ہوگا۔

نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم تین ٹکڑوں میں تقسیم ہوچکی ہے ایم کیو ایم صرف اربن سندھ کی پارٹی ہے ایم کیو ایم کا کردار ختم صرف کمیونٹی رہ گئی ہے لیکن مستقبل میں مہاجر کمیونٹی ملک کی تیسری سیاسی قوت بنے گی انہوں نے کہا کہ میں مہاجر کے نا م سے اختلاف رکھتا ہوں۔مہاجر کے بجائے پاکستانی کہلوایا جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ تحریک انصاف نے 2013 ء میں نوجوانوں کو بہت متاثر کیا تھا، اب پی ٹی آئی کی مقبولیت میں کمی آئی ہے جبکہ دو نومبر کے احتجاج سے پارٹی کو بہت نقصان ہوا۔

انہوں نے کہاکہ عدالت میں زیر سماعت پانامہ لیکس کے معاملے پر کچھ نہیں ہوا تو پی ٹی آئی کو بہت بڑا دھچکا لگے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان آیا تو کراچی سے چترال تک عوام کو اپنی طرف متوجہ کروں گا۔ میں نے اپنے دور حکومت میں بے پناہ ترقیاتی کام کئے ہیں انہوں نے کہا کہ اگر یہی صورتحال چلتی رہی تو آئندہ 2018 ء کے الیکشن میں نواز لیگ ہی دوبارہ الیکشن جیتے گی۔