ضرب عضب نے ملک میں امن وترقی کی مضبوط بنیاد رکھی،آ رمی چیف

پاکستانی ایک عظیم قوم اور افرادی قوت ہمارا اثاثہ ہے، نو جو ان پاکستان کو نئی بلندیوں تک پہنچانے میں اپنا کردار ادا کرسکتے ہیں،جنرل راحیل شریف کا ، جی سی یونیورسٹی کا دور ہ اور تقریب سے خطا ب

ہفتہ 19 نومبر 2016 11:03

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔19نومبر۔2016ء)آ رمی چیف جنرل راحیل شریف نے کہا ہے کہ آپریشن ضرب عضب نے ملک میں امن وترقی کی مضبوط بنیاد رکھی ہے،طلبہ ملک کو نئی بلندیوں تک لے جانے میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔ان خیالات کا اظہار آرمی چیف نے گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور کا دورہ کے دوران کیااور اپنی مادر علمی میں طلبہ اور اساتذہ سے ملاقات کی، اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے جنرل راحیل شریف نے کہا کہ گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور نے عالمی سطح کے دانشور، فنکاراورسائنسدان پیدا کرنے میں مرکزی کردار ادا کیا۔

گورنمنٹ کالج یونیورسٹی میں دورے کے دوران پرانی یادوں کو تازہ کرتے ہوئے جنرل راحیل شریف کا کہناتھا کہ گورنمنٹ کالج یونیورسٹی ملک کا بہترین تعلیمی ادارہ ہے۔

(جاری ہے)

۔دورے کے دوران وہ طلبا اور اساتذہ میں گھل مل گئے۔کالج کے اساتذہ اور انتظامیہ کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے آرمی چیف کا کہناتھا کہ یہاں نوجوان نسل کی بہترین گرومنگ کی جاتی ہے۔

ان کا کہناتھا کہ گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور نے ہمیشہ ملک کی ترقی میں اہم کردار ادا کیا ہے۔اورعالمی معیار کے سائنسدان،سکالراور دانشور پیدا کئے ہیں۔آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کہا کہ طلبہ اللہ پر یقین رکھتے ہوئے سخت محنت کے ذریعے عزت اور وقار کے لیے جدوجہد کریں،پاکستانی ایک عظیم قوم ہیں اور افرادی قوت ہمارا اثاثہ ہے۔آرمی چیف نے اپنے دور طالب علمی کی یاد تازہ کرنے کے لیے مختلف شعبوں کا دورہ کیا اور طلبہ کی بہترین تعلیم و تربیت پر اساتذہ اور انتظامیہ کو خراج تحسین پیش کیا۔

انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ ہمیشہ تین باتوں ،کردار ،ہمت اور مقابلے پر یقین رکھیں اور سخت محنت کے ذریعے عزت اوروقار کے لیئے کوشاں رہیں۔ ملک کے روشن مستقبل کے لیے پرامید آرمی چیف کا کہناتھا کہ پاکستانی عظیم قوم ہیں۔ضرب عضب سے ملک میں امن اور ترق کی مضبوط بنیاد رکھ دی گئی ہے۔ اب آپ پاکستان کو نئی بلندیوں تک پہنچانے میں اپنا کردار ادا کرسکتے ہیں۔یونیورسٹی کے دورے کے دوران انہوں مختلف شعبوں کا وزٹ کیا۔وائس چانسلر نے آرمی چیف کو ان کے طالبعلمی کے زمانے کا داخلہ فارم بھی پیش کیا۔