’زیادتی‘ کی شکایت کرنے پر برطانوی خاتون دبئی میں گرفتار

خاتون کو ضمانت پر رہا کر دیا گیا ، پاسپورٹ ضبط کر لیا گیا

جمعہ 18 نومبر 2016 11:08

دبئی (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔18نومبر۔2016ء)دبئی موجود برطانوی شہریوں کی قانونی مدد کرنے والے برطانوی گروہ کے مطابق ایک برطانوی خاتون کو اس وقت غیر ازدواجی تعلقات رکھنے کے الزام میں حراست میں لے لیا گیا جب انھوں نے یہ بتایا کہ انھیں جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا گیا ہے۔برطانیہ میں موجود گروپ ڈیٹینڈ اِن دبئی کے مطابق خاتون کو ضمانت پر رہا کر دیا گیا ہے تاہم ان کا پاسپورٹ ضبط کر لیا گیا ہے۔

برطانوی دفترِ خارجہ نے کہا ہے کہ وہ اس کیس میں برطانوی خاتون کی مدد کر رہے ہیں اور ان کے خاندان سے رابطے میں رہیں گے۔خاتون جن کی عمر 20 سال سے اوپر ہے کے بارے میں اطلاعات ہیں کہ دبئی میں قیام کے دوران ان پر برمنگھم سے تعلق رکھنے والے دو افراد نے حملہ کیا۔ڈیٹینڈ اِن دبئی کے مطابق مبینہ حملہ آوروں کے خلاف کوئی مقدمہ درج نہیں ہوا۔

(جاری ہے)

تاہم اخباری اطلاعات ہیں کہ دونوں مبینہ حملہ آوروں کے پاسپورٹ ضبط کر لیے گئے ہیں۔

یہ معلوم ہوا ہے کہ دفترِ خارجہ انِ دونوں مردوں کی مدد کر رہا ہے اور ان کے خاندانوں سے رابطے میں ہے۔دبئی میں موجود یہ گروہ بیرونِ ملک موجود برطانوی شہریوں کی مدد کرتا ہے، اس کا کہنا ہے کہ خاتون کو شاید مقدمے کا سامنا کرنا پڑے جس میں قید کی سزا سمیت ملک بدری یا کوڑے مارنے اور حتٰی کہ انھیں سنگسار بھی کیا جا سکتا ہے۔'ماضی میں ہم بہت سے کیسز میں شامل رہے ہیں جن میں ایسا ہوا، اور ہم نے عدلیہ اور پولیس کا رویہ بدلنے کے لیے وکلا اور خاندانوں کے ساتھ مل کر مہم چلائی۔

متعلقہ عنوان :