بھارتی فائرنگ سے پاک فوج کے سات جوانوں کی شہادت پر بھارتی ہائی کمشنر کی دفتر خارجہ طلبی

شدید احتجاج ریکارڈ کرایا گیا ، احتجاجی مراسلہ تھمایا گیا

منگل 15 نومبر 2016 11:13

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔15نومبر۔2016ء) لائن آف کنٹرول پر بھارتی فورسز کی بلااشتعال فائرنگ سے پاک فوج کے سات جوانوں کی شہادت پر دفتر خارجہ میں بھارتی ہائی کمشنر کو طلب کر کے شدید احتجاج ریکارڈ کرایا گیا ۔

(جاری ہے)

دفتر خارجہ سے جاری بیان کے مطابق پاکستان نے بھمبر سیکٹر میں بھارت کی جانب سے بلااشتعال فائرنگ سے سات فوجی جوانوں کی شہادت کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ بھارت کنٹرول لائن پر جنگ بندی معاہدہ کی مسلسل خلاف ورزی کر رہا ہے۔

عالمی برادری بھارت کی بلااشتعال فائرنگ اور مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لے۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق بھارتی ہائی کمشنر گوتم بمبا والے کو سیکرٹری خارجہ اعزاز چوہدری نے طلب کر کے بھمبر سیکٹر میں بھارتی اشتعال انگیزی پر احتجاج ریکارڈ کروا یا ہے اور احتجاجی مراسلہ بھارتی ہائی کمشنر کے حوالے کیا گیا ہے ۔