امیرغریبوں کو حصہ نہیں دیں گے تو مارے جائیں گے،ملک ریاض

بحریہ ٹاؤن سے ساڑھے6لاکھ خاندان وابستہ ہیں،مجھے گولی مار دیں لیکن بحریہ ٹاؤن کو کچھ نہ کہیں،ہر حکومت نے احتساب کیا کچھ ثابت نہ ہو سکا آصف زرداری،نواز شریف،شہباز شریف سے دوستی ہے،جنرل کیانی کے بھائی کے ساتھ شراکت داری نہیں،یونیورسٹی میں الطاف حسین نے داخلہ نہیں لینا 5000،1000،500 کے نوٹ ختم کرکے ایمنسٹی سکیم لائی جائے،اربوں روپے کا سرمایہ آسکتا ہے، چھوٹے نوٹ آنے سے بڑی کرپشن خود ختم ہوگی سٹیک ہولڈرز اکٹھے ہوجائیں تو2سال میں صحت،تعلیم، بنیادی سہولیات میسر ہونگی ،سول،ملٹری کبھی ایک صفحے پر نہیں رہے،نجی ٹی وی کو انٹرویو

اتوار 13 نومبر 2016 12:48

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔13نومبر۔2016ء)بحریہ ٹاؤن کے بانی چےئرمین ملک ریاض نے کہا ہے کہ ملک کے امیرغریبوں کو حصہ نہیں دیں گے تو بھوکے لوگوں کے ہاتھوں مارے جائیں گے اور خونی انقلاب آئے گا،میرے خلاف میڈیا نے بہت الزامات لگائے ہر حکومت نے احتساب کیا مگر کچھ ثابت نہ ہو سکا،مجھے گولی مار دیں بحریہ ٹاؤن کو کچھ نہ کہیں،ملک کے اندر کام کرنے والوں کو سونے تک نہیں دیا جاتا باہر سے سرمایہ کار کیسے آئے گا۔

نجی ٹی وی کو دئیے گئے انٹرویو میں ملک ریاض نے کہا کہ میں کوئی بڑا آدمی نہیں ہوں،مجھے پاکستان نے زیرو سے ہیرو بنایا اس وقت بحریہ ٹاؤن میں55ہزار ملازمین ہیں جنہیں ایک ماحول دیا ہے،بحریہ ٹاؤن نے پاکستان میں رہن سہن کا طریقہ تبدیل کردیا ہم نے ہر سہولت بحریہ ٹاؤن کے اندر دی ہے،مجھے ان لوگوں کی دعائیں لگ رہی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ میں خدا کے دئیے ہوئے سے ان کے راستے میں دے رہا ہوں ملک کے 2فیصد لوگ امیر ہیں،ہمیں امیر اور غریب کے فرق کو ختم کرنا ہوگا،ہم امیر لوگ غریبوں کا حصہ انہیں نہیں دے رہے اگر ہم نے غریبوں کو حصہ نہ دیا تو میرے جیسے لوگ بھوکے لوگوں کے ہاتھوں مارے جائیں گے اور خونی انقلاب آئے گا۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے کوئی عہدہ،پلاٹ یا کسی غریب کا حق نہیں مارا،1996ء سے ہر حکومت اور ہر عدالت نے میرا احتساب کیا۔انہوں نے کہا کہ میں ٹیکس چور نہیں نہ قبضہ مافیا سے تعلق ہے،میرا کیا احتساب کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ جتنے الزامات میڈیا نے میرے خلاف لگائے اگر یورپ میں ہوتا تو مالکان سے ان کے اداروں کی قیمت سے زیادہ ہر جانے لے چکا ہوتا،میڈیا نے میرے پتلے بنا کر بھی جلائے لیکن کچھ ثابت نہیں ہوسکا۔

انہوں نے کہا کہ بحریہ ٹاؤن سے ساڑھے6لاکھ خاندان وابستہ ہیں،مجھے گولی مار دیں لیکن بحریہ ٹاؤن کو کچھ نہ کہیں۔انہوں نے کہا کہ مغرب میں 5لوگوں کو روزگار دینے والا وی آئی پی بن جاتا ہے،یہاں لوگوں کو تنگ کیا جاتا ہے،بیرونی سرمایہ کاری کی بات کرنے والے ملک کے اندر سرمایہ کاروں کو سونے نہیں دیتے باہر سے کون آئے گا۔انہوں نے کہا کہ اس ملک میں رشوت روز بروز بڑھ رہی ہے ختم نہیں ہورہی۔

انہوں نے کہا کہ مشرف سے میری کوئی ملاقات نہیں ہوئی،میری آصف زرداری ،نواز شریف اور شہباز شریف سے دوستی ہے۔انہوں نے کہا کہ جنرل کیانی کے بھائی کے ساتھ میری شراکت داری نہیں،ڈی ایچ اے کے ساتھ شراکت ہے۔انہوں نے کہا کہ الطاف حسین کو میں نے نہیں کراچی کے لوگوں نے لیڈر بنایا ہے،میری یونیورسٹی میں الطاف حسین نے داخلہ نہیں لینا اور نہ ہی میں اسے داخلہ دوں گا،میری یونیورسٹی میں ملک کا عام آدمی تعلیم حاصل کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ ملک کے غدار سے ہمارا کوئی تعلق اور دوستی نہیں،پاکستان سے محبت کرنے والا ہر شخص میرا دوست ہے،تعلیمی اداروں کو متنازعہ نہ بنایا جائے۔انہوں نے کہا کہ ملک کی بدحالی میں تمام سٹیک ہولڈرز کا ہاتھ ہے،سب سٹیک ہولڈرز اکٹھے ہوجائیں تو2سال میں پاکستان میں صحت،تعلیم اور بنیادی سہولیات میسر ہوں گی۔سول اور ملٹری کبھی ایک صفحے پر نہیں رہے وہ اس لئے کہ جو ہمارے لئے جانیں دیتے ہیں،ان کے درد کو کبھی ہم نے سمجھا نہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں ہر طرف سے مسائل ہیں،سیاسی جماعتوں میں بھی اتحاد نہیں رہا ملک میں جو بھی جماعت انتخاب جیتے اسے تسلیم کیا جائے،گونوازگو سے ملک ونقصان پہنچتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ملک کو اس حال تک پہنچانے میں میڈیا اور بیوروکریسی کا ہاتھ ہے پاکستان میں تباہی کا باعث بیوروکریسی ہے ملک میں نوازشریف کے پاس اقتدار نہیں اقتدار ہمیشہ بیوروکریسی کے پاس رہتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک سے پانچ ہزار1000 اور500 کے نوٹ ختم کرکے ایمنسٹی سکیم لائی جائے اربوں روپے کا سرمایہ آسکتا ہے اور کرپشن بھی کم ہوگی،چھوٹے نوٹ آنے سے بڑی کرپشن خود ختم ہوگی کیونکہ بڑا نوٹ آرام سے جیب میں آتا ہے چھوٹا نوٹ لانے کے لئے گاڑی درکار ہوگی۔انہوں نے کہا کہ کالا دھن ایک بار سفید ہوتا ہے تو ہونے دیں دوسری بار تو یہ لوگ ٹیکس نیٹ میں خود آئیں گے،بیوروکریسی ایسا نہیں ہونے دے گی،خدا اس ملک کی بیورو کریسی کو ختم کردے۔انہوں نے کہا کہ میری قبر اسی ملک میں بنے گی،سارے بزنس مین اکٹھے ہوجائیں تو میں کرپٹ لوگوں کا نام لینے کیلئے تیار ہوں