بانی ایم کیو ایم کیخلاف منی لانڈرنگ کیس ، اسکاٹ لینڈ یارڈ نے مقدمہ ختم ، ضبط شدہ رقم کی واپسی کے لیے تیاریاں شروع

بانی ایم کیو ایم سمیت دیگر تمام افراد کے خلاف بھی کوئی تحقیقات نہیں کی جارہیں، منی لانڈرنگ کا مقدمہ ختم کردیا گیا ہے، برطانوی پولیس نے خط کے ذریعے آگاہ کیا

اتوار 13 نومبر 2016 13:03

لندن( اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔13نومبر۔2016ء ) برطانوی پولیس اسکاٹ لینڈ یارڈ نے بانی ایم کیو ایم کے خلاف منی لانڈرنگ کیس کے مقدمے کو ختم کرتے ہوئے ان کی ضبط شدہ رقم کی واپسی کے لیے تیاریاں شروع کردیں۔اسکاٹ لینڈ یارڈ نے کراؤن پراسیکیوشن سروس کے مشورے کے بعد بانی متحدہ سمیت دیگر 6 افراد کے خلاف تحقیقات ختم کرتے ہوئے انکے کے گھر سے چھاپے کے دوران برآمد ہونے والی رقم کی واپسی کے لیے تیاریوں کا آغاز کردیا ہے۔

برطانوی پولیس نے ایم کیو ایم لندن کو ایک خط لکھ کر آگاہ کیا کہ منی لانڈرنگ کیس میں ایم کیو ایم کے بانی سمیت دیگر تمام افراد کے خلاف بھی کوئی تحقیقات نہیں کی جارہیں اور ان کے خلاف منی لانڈرنگ کا مقدمہ ختم کردیا گیا ہے۔ایم کیو ایم لندن کے وکیل کو موصول ہونے والے برطانوی پولیس کے خط میں کہا گیا ہے کہ برطانیہ کی کراوٴن پراسیکیوشن سروس کے مشورے پر یہ مقدمہ بند کیا گیا ہے، آئندہ اس مقدمے میں کوئی کارروائی نہیں ہوگی اور جلد ضبط شدہ رقم کی واپسی کا عمل شروع کردیا جائیگا۔

(جاری ہے)

برطانوی پولیس کی تصدیق سے پہلے ہی خبر سامنے آچکی تھی کہ الطاف حسین کے خلاف منی لانڈرنگ کا کیس ختم کردیا گیا ہے، مگر برطانوی پولیس نے اب اس کی باقائدہ تصدیق کردی۔چار سال قبل 2012 میں سکاٹ لینڈ یارڈ نے ایم کیو ایم لندن سیکریٹریٹ اور الطاف حسین کے مکان پر چھاپا مارا تھا، جس دوران پولیس کو الطاف حسین کے مکان سے پانچ لاکھ پاوٴنڈ کی نقد رقم ملی تھی، جس کے بعد الطاف حسین سمیت ایم کیو ایم کے 6 رہنماوٴں کے خلاف منی لانڈرنگ ایکٹ کے تحت تحقیقات کا آغاز کیا گیا تھا۔

اسکاٹ لینڈ یارڈ پولیس گزشتہ چار سالوں سے اس بات کی تصدیق کر رہی تھی کہ الطاف حسین کے گھر سے ملنے والی اتنی بڑی نقد رقم کہیں جرائم کے ذریعے تو حاصل نہیں کی گئی یا اس رقم کو کہیں غیر قانونی کاموں میں تو خرچ نہیں کیا جائیگا؟اسکاٹ لینڈ یارڈ پولیس نے گزشتہ چار سالوں کے دوران منی لانڈرنگ کیس میں ایم کیو ایم کے 6 افراد کو گرفتار کیا جبکہ اس سلسلے میں 28 لوگوں سے تفتیش کی گئی، الطاف حسین کو بھی منی لانڈرنگ کیس میں پولیس اسٹیشن جانا پڑا تھا اور دوران تفتیش اسکاٹ لینڈ یارڈ نے ساوٴتھ اور نارتھ لندن کی 9 ملکیتوں کی تلاشی بھی لی تھی۔

تاہم حال ہی میں برطانیہ کی کراؤن پراسیکیوشن سروس نے اسکاٹ لینڈ یارڈ کی جانب سے فراہم کردہ ثبوتوں کو ناکافی قرار دیتے ہوئے مقدمے کی کارروائی آگے چلانے سے انکار کیا، عدالت نے پولیس کو مقدمہ ختم کرنے کا مشورہ دیا، جس کے بعد پولیس نے الطاف حسین کے خلاف مقدمہ ختم کردیا۔اسکاٹ لینڈ یارڈ نے الطاف حسین سمیت ایم کیو ایم لندن کے جن 6 رہنماؤں کے خلاف منی لانڈرنگ کا مقدمہ ختم کیا، ان میں ایم کیو ایم لندن کے سینئر رہنما محمد انور بھی شامل ہیں۔

متعلقہ عنوان :