روسی جہاز کی جاسوسی کرنے والی آبدوز بھاگنے پر مجبور

جمعہ 11 نومبر 2016 11:36

ماسکو(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔11نومبر۔2016ء)روس کی وزارت دفاع نے کہاہے کہ بحریہ کے دو بحری جہازوں نے نیدرلینڈ کی آبدوز کو بھاگنے پر مجبور کیا جب وہ بحیرہ روم میں روسی ایئر کرافٹ کیریئر کی جاسوسی کر رہی تھی۔معروف غیر ملکی نشریاتی ادارے کے مطابق روس کا کہنا ہے کہ جب روسی بحری جہازوں نے اس آبدوز کو چیلنج کیا اس وقت یہ آبدوز ایئر کرافٹ کیریئر ایڈمرل کزنیسوو سے 20 کلو میٹر کے فاصلے پر تھی۔

(جاری ہے)

روس نے اپنی بحریہ بحیرہ روم میں شام میں غیر متوقع طور پر فضائی کارروائی کے آغاز کے باعث بھیجی ہے۔دوسری جانب نیٹو نے روسی بحریہ کے حوالے سے ایک بیان میں کہا ہے کہ وہ روسی بحریہ کی ذمہ دارانہ طریقے سے مانیٹرنگ کر رہی ہے۔نیٹو کے ایک اہلکار نے کہا کہ وہ تفصیلات میں نہیں جائیں گے لیکن روسی بحریہ پر چند ہفتوں سے نظر رکھی جا رہی ہے۔واضح رہے کہ روسی بحریہ کا شمالی روس سے بحیرہ شمال سے انگلش چینل سے بحیرہ روم تک کے سفر کے باعث نیٹو میں تشویش پائی جاتی ہے۔