ٹرمپ کی جیت سے پیشتر ایران نے نیوکلیئر معاہدے کی خلاف ورزی کی ہے،آئی اے ای اے

جمعہ 11 نومبر 2016 11:34

ویانا(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔11نومبر۔2016ء)ایٹمی توانائی کی بین الاقوامی ایجنسی (آئی اے ای اے ) نے کہا ہے کہ ایران نے حساس مواد کو ذخیرہ کرنے کی اْس حد سے کچھ تجاوز کیا ہے جس کی نیوکلیئر معاہدے کے تحت اس کو اجازت دی گئی ہے۔ یہ پیش رفت امریکی صدرارتی انتخابات میں ڈونلڈ ٹرمپ کی جیت کے کچھ گھنٹوں بعد سامنے آئی ہے۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ ٹرمپ نے انتخابی مہم کے دوران نیوکلیئر معاہدے کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق بین الاقوامی ایجنسی کا کہنا ہے کہ رواں سال جنوری میں نیوکلیئر معاہدے کے نافذ العمل ہونے کے بعد یہ دوسرا موقع ہے کہ تہران نے بھاری پانی کو ذخیرہ کرنے کی مقررہ حد سے تجاوز کیا ہے۔ایجنسی کے مطابق ایران کے بھاری پانی کے ذخیرے کا حجم منگل کے روز 130.1 ٹن تک پہنچ گیا جب کہ اس کی مقررہ حد 130 ٹن ہے۔ بھاری ری ایکٹروں کو ٹھنڈا کرنے کے لیے استعمال ہوتا ہے۔