اپنی شکست تسلیم کرتی ہوں،امید ہے ٹرمپ امریکیوں کیلئے کامیاب صدر ہونگے،ہیلری

صدارتی انتخاب میں شکست پر افسوس ہے، امریکہ کی بہتری کیلئے ٹرمپ سے مل کر کام کروں گا،ہیلری کلنٹن صدارتی انتخاب ہارنے کے بعد خطاب حامیوں نے نعروں اور تالیوں سے شاندار استقبال کیا ،ہیلری کی آنکھیں اشک بار ہوگئیں

جمعرات 10 نومبر 2016 11:31

واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔10نومبر۔2016ء)امریکہ کی صدارتی امیدوار ہیلری کلنٹن نے اپنی شکست تسلیم کرتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ ڈونلڈ ٹرمپ امریکیوں کے لئے کامیاب صدر ہوں گے،صدارتی انتخاب میں شکست پر افسوس ہے امریکہ کی بہتری کیلئے ٹرمپ سے مل کر کام کروں گا۔ہیلری کلنٹن صدارتی انتخاب ہارنے کے بعد خطاب کیلئے پہنچیں تو ان کا نعروں اور تالیوں سے شاندار استقبال کیا گیا۔

خطاب کے دوران ہیلری کلنٹن کی آنکھوں میں آنسو آگئے ۔انہوں نے کہا کہ ساتھیوں کی مشکور ہوں جنہوں نے کامیاب مہم چلائی،انتخابات میں ہارنے پر افسوس ہے تاہم اپنی شکست تسلیم کرتی ہوں اور ڈونلڈ ٹرمپ کو کامیابی پر مبارکباد دیتی ہوں،امید ہے ڈونلڈ ٹرمپ امریکیوں کیلئے کامیاب صدر ہوں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ امریکہ کیلئے ٹرمپ کے ساتھ ملکر کام کروں گی ،ہمیں نتائج کو قبول کرکے مستقبل کی طرف دیکھنا چاہئے،ہماری جمہوری اقدار اقتدار کی پرامن منتقلی کی حمایت کرتی ہے،ہمیں اپنی اقدار کی حفاظت کرنی چاہئے۔

انہوں نے کہا کہ امریکہ کیلئے خدمات پر اوبامہ اور مشعل اوبامہ کو خراج تحسین پیش کرتی ہوں،امریکی عوام نے اپنا فیصلہ دے دیا ہے جسے تسلیم کرتے ہیں،ہماری جدوجہد امریکہ کی بہتری کیلئے ہے،یہ صورتحال تکلیف دہ ہے لیکن ہم کھلے دل سے ٹرمپ کو کام کرنے کی دعوت دیتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ امریکہ سب کیلئے ہے چاہے اس کا تعلق کسی بھی مذہب یا رنگ ونسل سے ہو منصفانہ امریکہ کی جدوجہد جاری رہے گی۔ ،خطاب کے موقع پر سابق امریکی صدر کلنٹن اور ان کے بچے بھی ہمراہ تھے