سی سی پی او لاہور کی زیر صدارت اوورسیز پاکستانیز کمیشن کا اجلاس

دو کزنوں میں زمین کا تنازعہ حل، دونوں کی 37سال بعد صلح خوشی کے آنسو جاری سی سی پی او لاہور نے ایڈن ہاؤسنگ میں گھر نہ دینے پر اووسیز پاکستانی اعجاز احمد کے 56لاکھ واپس دلوا دیئے

پیر 7 نومبر 2016 12:22

لاہور)اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔7نومبر۔2016ء ) کیپٹل سٹی پولیس آفیسر لاہور کیپٹن (ر) محمد امین وینس کی زیر صدارت اوورسیز پاکستانیز کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں اوورسیز پاکستانیوں کی جائیدادیں ، لین دین اور کاروبار کے تنازعات سے متعلق 33درخواستیں پیش کی گئیں۔ سی سی پی او لاہور نے اوورسیز پاکستانیز کے مسائل سنے اور ان کے حل کے لیے موقع پر احکامات جاری کیے۔

اوورسیز پاکستانی محمد امین پاشا نے درخواست دی کہ وہ موضع چوہنگ پنجگراں میں ایک کنال زمین کا مالک ہے اور اس کی زمین چوہنگ بازار میں واقع ہے مگر غلام عباس و ایم رمضان اپنی ملکیتی زمین سے زیادہ پر قابض ہیں۔ درخواست دہندہ نے 2013میں قبضہ کے لیے درخواست دی جس کا فیصلہ اس کے حق میں ہو گیا۔ مگر غلام عباس وغیرہ نے دیوار گرا کر اس پر قبضہ کر لیا ہے ۔

(جاری ہے)

سی سی پی او لاہور نے دونوں فریقین کو سنا اور درخواست دہندہ کی زمین اسے واپس دلوا دی۔ دونوں فریقین آپس میں عزیز ہیں اورگزشتہ 37سال سے ناراض ہیں۔ سی سی پی او نے دونوں میں صلح کروا دی۔ اس موقع پر دونوں کزنوں کی آنکھوں میں آنسو آگئے۔اسی طرح اوورسیز پاکستانی اعجاز احمد نے درخواست دی کہ وہ کویت میں رہائش پذیر ہے اور ایڈن گارڈن فیروز پور میں گھر خریدنے کے لیے ڈاکٹر امجد کو 2010تمام رقم 56لاکھ روپے ادا کر دی مگر ڈاکٹر امجد پروپرائٹر ایڈن گارڈن نہ تو گھر دے رہا ہے اور نہ ہی رقم واپس کر رہا ہے۔

کمیٹی نے دونوں پارٹیوں کو سنا۔ ڈاکٹر امجد نے درخواست دہندہ کو 56لاکھ روپے کا چیک دیا جو کیش ہو گیا ہے۔ جس پردرخواست دہندہ نے 56لاکھ روپے واپس دلوانے پر ڈسٹرکٹ اوورسیز پاکستانیز کمیشن کا شکریہ ادا کیا۔ اوورسیز پاکستانی عمران مشتاق نے درخواست پیش کی کہ اس کی بہن کا الجنت ہاؤسنگ سوسائٹی میں10مرلے کا گھر ہے لیکن اس کے خاوند نے اسے طلاق دے کرتشدد کر کے گھر سے نکال کر قبضہ کر لیا ہے لہذا گھر کا قبضہ اس کی بہن کو دلوایا جائے۔

سی سی پی او لاہور نے گزشتہ ہفتہ ریونیو ڈیپارٹمنٹ کو گھر کی ملکیت سے متعلق رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا۔ ریونیو ڈیپارٹمنٹ نے رپورٹ دی کہ گھر عمران مشتاق کی بہن مسماة صائمہ کے نام ہے۔ جس پر سی سی پی او نے مکان کا قبضہ مسماة صائمہ کو دلوا کر اس کی داد رسی کی۔ عمران مشتاق نے گھر کا قبضہ دلوانے پر ڈسٹرکٹ اوورسیز پاکستانیز کمیشن کے کردار کو سراہا۔

اسی طرح اوو سیز پاکستانی ثمینہ مجاہد نے ڈسٹرکٹ اووسیز پاکستانی کمیشن کو درخواست دی کہ اس نے اپنا گھر واقع -19اے جیل روڈ اپنی بہن عالیہ ارشد کو کرائے پر دیا مگر وہ اس پر قابض ہو گئیں ہیں اور گھر خالی نہیں کر رہیں۔ سی سی پی او لاہور نے دونوں فریقین کو سنا اور معاہدہ طے پایا کہ ثمینہ مجاہد اپنے تمام مقدمات واپس لے لیں تو عالیہ ارشد گھر خالی کر دے گی۔

اس طرح باہمی اتحاد سے یہ مسئلہ حل ہو گیا۔سی سی پی او لاہور کیپٹن (ر) محمد امین وینس نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی ہدایت پر اوورسیز پاکستانیز کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کسی کو اوورسیز پاکستانیز کی محنت کی کمائی کو غضب نہیں کرنے دیا جائے گا۔ یاد رہے کہ ہر ہفتہ سی سی پی او لاہور کی صدارت میں اوورسیز پاکستانیز کا اجلاس ہوتا ہے اور اب تک سینکڑوں پاکستانیوں کے مسائل حل کیے گئے ہیں۔

متعلقہ عنوان :