سست روی کے باوجود عراقی فورسز کی موصل میں پیش قدمی

ہم اپ کو آزاد کروائیں گے، ہماری فورسز پسپا نہیں ہوں گی،وزیراعظم حیدر العبادی کا موصل کے شہریوں کو پیغام جہادیوں نے انسانی ڈھالیں کھڑی کر رکھی ہیں، عراقی فوج

پیر 7 نومبر 2016 12:05

بغداد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔7نومبر۔2016ء)عراقی وزیراعظم حیدر العبادی نے موصل کے شہریوں کو مخاطب کرتے ہوئے عزم ظاہر کیا کہ "ہم اپ کو آزاد کروائیں گے۔ ہماری فورسز پسپا نہیں ہوں گی۔"عراق کی اسپیشل فورسز موصل کے قرب و جوار میں داعش سے واگزار کروائے گئے علاقوں کو پوری طرح سے پاک کرنے کی کوششوں میں مصروف ہیں لیکن اس میں انھیں مشکل کا سامنا بھی کرنا پڑ رہا ہے۔

فوج کے ایک ترجمان لیفٹیننٹ کرنل محند التمیمی نے اتوار کو بتایا کہ داعش کی طرف سے ان علاقوں میں بچھائی گئی بارودی سرنگوں اور دیگر دفاع انتظامات کے علاوہ یہاں شہریوں کی موجودگی کے باعث فورسز کی کارروائی سست روی کا شکار ہے۔ ان کے بقول شہریوں کی موجودگی کی وجہ سے وہ امریکی زیر قیادت اتحاد سے یہاں فضائی کارروائی کی درخواست بھی نہیں کر پا رہے۔

(جاری ہے)

یہ اسپیشل فورسز عراق کی بہترین فورس تصور کی جاتی ہے لیکن اسے بھی پیش قدمی کے لیے فضائی مدد پر انحصار کرنا پڑ رہا ہے۔ لیفٹیننٹ کرنل مہناد التمیمی نے بتایا ہیکہ فوج کی یپش قدمی انتہائی سست ہے اور اْس کی وجہ جہادیوں کا وسیع دفاعی نظام ہے۔ عراقی فوجی کمانڈرز شہریوں کی موجودگی کی وجہ سے امریکی عسکری اتحاد کو فضائی حملوں کی درخواست کرنے سے گریز کر رہے ہیں۔

فوج موصل شہر کی مشرقی بلدیاتی حدود میں منگل کو داخل ہوئی تھی اور محض ایک کلومیٹر اندر داخل ہو سکی ہے۔ جنوبی سمت سے عراقی فوج شہر کے مرکز سے بیس کلومیٹر دور ہے۔عراقی فورسز منگل کو موصل کے مشرقی کنارے میں داخل ہوئیں اور جمعہ کو انھوں نے باقاعدہ طور پر شہر میں پیش قدمی شروع کی لیکن تاحال یہ کارروائی موصل میں صرف ایک کلومیٹر تک ہی کی جا سکی ہے۔

ہفتہ کو عراقی فورسز نے موصل کے مشرقی حصے میں پیش قدمی کرتے ہوئے داعش کے خلاف بھاری گولہ باری کی اور سرکاری میڈیا کے مطابق فورسز شہر کے مشرق میں پانچ مختلف علاقوں میں داخل ہو چکی ہیں اور لڑائی اب بھی جاری ہے۔ شہر کے مغربی جانب دریائے دجلہ جو موصل کو دو حصوں میں تقسیم کرتا ہے، داعش نے ایک سابقہ فوجی اڈے کے قریب خود کو منظم کیا ہوا ہے اور یہاں پر بھی عراقی فورسز کو شدید مزاحمت کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

عراق کے وزیراعظم حیدر العبادی نے ہفتہ کو برطلہ کے قریب فوج کے اگلے مورچوں کا دورہ کیا۔ ا س موقع پر انھوں نے موصل کے شہریوں کو مخاطب کرتے ہوئے عزم ظاہر کیا کہ "ہم اپ کو آزاد کروائیں گے۔ ہماری فورسز پسپا نہیں ہوں گی۔" بعد ازاں وہ اربیل گئے اور وہاں کرد خطے کے صدر مسعود بارزانی سمیت اعلیٰ عہدیداروں سے ملاقاتیں کی۔ ان کا کہنا تھا کہ عراقی فورسز موصل میں تمام اطراف سے پیش قدمی کر رہی ہیں اور منصوبے کے مطابق اس آپریشن میں تاخیر نہیں ہو گی۔

متعلقہ عنوان :