کوئٹہ، گڈانی میں جہاز میں آتشزدگی اور دھماکوں سے جاں بحق افراد کی تعداد23 تک پہنچ گئی

حادثے میں جھلس کر زخمی ہونے والے مزید 3 افراد دم توڑ گئے

پیر 7 نومبر 2016 11:39

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔7نومبر۔2016ء) بلوچستان کے علاقے گڈانی میں جہاز میں آتشزدگی اور دھماکوں سے جاں بحق افراد کی تعداد23 تک پہنچ گئی مزید 3 زخمی دم توڑ گئے اطلاعات کے مطابق گڈانی میں جہاز پر لگنے والی آگ پر تو قابو پالیا گیا، لیکن اس آگ سے ہونے والے جانی نقصان کا سلسلہ جاری ہے، حادثے میں جھلس کر زخمی ہونے والے مزید 3 افراد دم توڑ گئے ، جس کے بعد حادثے میں جاں بحق افراد کی تعداد 23تک پہنچ گئی ہے۔

(جاری ہے)

جاں بحق ہونے والوں میں ایک شخص سول اسپتال میں دم توڑ گئے، عالم نامی مزدور اسپتال کے برنس وارڈ میں زیر علاج تھا ، اسپتال سے لاش وصول کرنے کے بعد عالم کے اہل خانہ نے کراچی کوئٹہ شاہراہ پر لاش رکھ کر احتجاج بھی کیا۔حادثے کا ایک اور زخمی حسن ، جسے گزشتہ روز اسپتال سے ڈسچارج کردیا گیا تھا ،گزشتہ روز گڈانی پہنچ کر دم توڑ گیا ، سول اسپتال انتظامیہ کے مطابق حسن کو اس کے ا ہل خانہ زبردستی ڈسچارج کراکر ہمراہ لے گئے تھے اور ان کا اصرار تھا کہ اپنے گھر میں اس کا علاج کرائیں گے ، جبکہ اس کی حالت تشویشناک تھی۔حادثے کا ایک اور زخمی عباس بھی سول اسپتال میں دم توڑ گیا ، ڈاکٹرز کے مطابق عباس کا 100فیصد جسم جھلسا ہوا تھا۔