لسبیلہ،شپ بریکنگ یارڈ گڈانی میں ناکارہ بحری جہاز کو لگنے والی آگ چوتھے روز بجھا دی گئی،ایک اور محنت کش کی لاش برآمد،ہلاکتوں کی تعداد20سے تجاوز کرگئی

گرفتار شپ بریکر کو وزیر اعظم کی انکوئری کمیٹی کے روبرو پیش کیا گیا ،ہفتے سے گڈانی میں جہازوں کی کٹائی کا کام شروع کرنے کی اجازت دیدی گئی

ہفتہ 5 نومبر 2016 11:13

لسبیلہ(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔5نومبر۔2016ء)شپ بریکنگ یارڈ گڈانی میں ناکارہ بحری جہاز کو لگنے والی آگ چوتھے روز بجھا دی گئی،جلے ہوئے جہاز سے ایک اور جھلسے ہوئے محنت کش کی لاش برآمد، مرنے والوں کی تعداد20سے تجاوز کرگئی،گرفتار شپ بریکر کو وزیر اعظم کی انکوئری کمیٹی کے روبرو پیش کیا گیا ہفتے کے روز سے گڈانی میں جہازوں کی کٹائی کا کام شروع کرنے کی اجازت دے دی گئی ،تفصیلات کے مطابق گڈانی میں قائم شپ بریکنگ یارڈ میں لنگر انداز ایک ناکارہ بحری جہاز میں یکم نومبر کو اچانک آگ بھڑک اٹھی تھی اور دیکھتے ہی دیکھتے آگ نے پورے بحری جہاز کو اپنی لپیٹ میں لے لیا تھا اس آتشز دگی کے نتیجے میں جمعے کے روز بھی ایک محنت کش کی لاش نکالی گئی جو بحری جہاز میں آگ لگنے کے باعث جھلس کر ہلاک ہوگیا تھا صوبہ پختونخواہ کے ضلع دیر سے تعلق رکھنے والے ذاکر نامی اس محنت کش کی لاش رولرہیلتھ سینٹر گڈانی پہنچائی گئی اس طرح اس واقع میں مرنے والوں کی تعداد 21ہوگئی ہے،غفلت برتنے کے الزام میں بحری جہاز کے مالک چوہدری عبدالحفیظ کو جمعہ کے روز بلدیہ ریسٹ ہاؤس گڈانی میں وزیر اعظم کی جانب سے بنائی گئی سانحہ گڈانی انکوائری کمیٹی کے روبرو پیش کیا گیا ،سانحہ گڈانی کی تحقیقات کے لئے وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف کی جانب سے تشکیل دی گئی انکوائری کمیٹی کے سر براہ وفاقی وزیر برائے دفا عی پیداواررانا تنویر حسین اپنی پانچ رکنی کمیٹی کے ہمراہ جمعہ کے روزگڈانی پہنچے جہاں انہوں نے بلدیہ ریسٹ ہاؤس میں چیف سیکرٹری بلوچستان سیف اللہ چٹھہ کی موجودگی میں سانحہ گڈانی کی تحقیقات کا آغاز کیا اس کمیٹی کے روبرو سانحہ گڈانی کے ملزم شپ بریکر چوہدری عبدالحفیظ کو بھی پیش کیا جبکہ اس کمیٹی کے روبرو گڈانی کے متعدد مزدور رہنماؤں محکمہ بلوچستان ڈیولپمنٹ اتھارٹی اورمحکمہ لیبر ویلفیئر، محکمہ ماحولیاتی آلودگی سمیت گڈانی کے بعض محنت کشوں نے بھی اپنے بیانات قلم بند کرائے اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کمیٹی کے سربراہ رانا تنویر حسین نے بتایا کہ وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف نے کمیٹی کو تحقیقاتی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی ہے تاہم انہوں نے بتایا کہ ہماری کمیٹی دس دن کے اندر اندر سانحہ گڈانی کی تحقیقاتی رپورٹ وزیر اعظم کے روبرو پیش کردے گی رانا تنویر حسین نے کہا کہ چونکہ بلوچستان کی صوبائی حکومت کی ہدایت پر گڈانی شپ بریکنگ یارڈ میں جہازوں کی کٹائی سمیت ہر قسم کا کام بند کیا گیا تھا جبکہ اب وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف نے ہدایت کی ہے کہ اس اہم ملک کی صنعت کو اور اس وابستہ افراد کے روز گار کو ملوز خاطر رکھتے ہوئے شپ بریکنگ یارڈ گڈانی میں ہرقسم کا کام ،کاروبارکرنے کی اجازت دے دی جائے لہذا کل ہفتے کے روز سے شپ بریکنگ یارڈ گڈانی میں کام پر لگائی گئی پابندی ختم کردی جائے گی تاہم گڈانی کے شپ بریکرز طے کئے گئے قوانین پر سختی سے عمل درآمد کرنے کے پابند ہونگے ۔