افغانستان: باراتیوں کا قافلہ سڑک کنارے پڑے بم کی زد میں آگیا

خواتین اور بچوں سمیت 11 افراد ہلاک ، درجنوں زخمی ہوگئے،لوگوں نے اپنی مدد آپ کے تحت لاشوں اور زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کیا ، بہتر کی حالت تشویشناک

ہفتہ 5 نومبر 2016 11:35

کابل( اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔5نومبر۔2016ء ) افغانستان کے صوبہ فریاب میں سڑک کنارے بم دھماکے کی زد میں باراتیوں کا قافلہ آنے سے خواتین اور بچوں سمیت 11 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہوگئے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق افغانستان کے صوبہ فریاب کے کوسہ قلعہ نامی گاوٴں میں سڑک کنارے بم دھماکے کی زد میں شادی کا قافلہ آگیا جس کے نتیجے میں خواتین اور بچوں سمیت 11 افراد موقع پر ہی ہلاک ہوگئے۔

خوشیاں مناتے ہوئے اپنے گھر جانے والا شادی کا قافلہ پل بھر میں چیخوں اور سسکیوں میں بدل گیا جب کہ دھماکے کے فوری بعد قریبی لوگوں نے اپنی مدد آپ کے تحت لاشوں اور زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کیا جہاں بیشتر زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔دوسری جانب صوبائی پولیس ترجمان کا کہنا ہے کہ دھماکے کی زد میں آنے والے تمام شادی کے قافلے کے لوگ تھے جنہیں ہدف بنا کر نشانہ نہیں بنایا گیا تاہم یہ تخریب کاری کا واقعہ ہے جب کہ اب تک کسی گروپ کی جانب سے دھماکے کی ذمہ داری قبول نہیں کی گئی۔

(جاری ہے)

اس سے قبل گزشتہ روز فریاب کے ملحقہ صوبے قندوز میں طالبان نے 2 امریکی اور 3 افغان فوجیوں کو ہلاک کردیا تھا جس کے بعد نیٹو نے شہری آبادی پر فضائی بمباری کی جس کے نتیجے میں خواتین اور بچوں سمیت 30 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔واضح رہے کہ اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ افغانستان میں 2015 کے مقابلے میں رواں سال ہلاکتوں میں 42 فیصد اضافہ ہوا ہے جس میں خاص طور پر حکومت کی اتحادی فورسز کو نشانہ بنایا گیا ہے۔

متعلقہ عنوان :