سعودی ایئر لائن کے پائلٹ نے 106 زندگیاں اور ائیرپورٹ کو تباہی سے بچا لیا

سعودی پائلٹ نے کمال مہارت اور تجربے سے جہاز کو لینڈ کروا کر تمام مسافروں کی زندگیاں بچائیں ، حکام

جمعہ 4 نومبر 2016 10:50

قاہرہ (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔4نومبر۔2016ء) سعودی ایئرلائن کے پائلٹ نے بریک فیل ہو جانے کے باوجود طیارے کو بحفاظت اتار کر ناصرف 106 مسافروں کی جان بچائی بلکہ قاہرہ ائیرپورٹ کو بھی بڑی تباہی سے بچالیا۔سعودی ایئرلائن کی پرواز 106 مسافروں کو لے کر دمام سے مصر کے دارالحکومت قاہرہ جانے والی پرواز کے کپتان نے طیارے کو بڑے حادثے سے بچا کر 106 مسافروں کو بحفاظت منزل تک پہنچا دیا۔

(جاری ہے)

سعودی ایئر لائن کے کپتان نے کنٹرول ٹاور کو اطلاع دی کہ جہاز کے بریک کا خصوصی نظام فیل ہوچکا ہے لہذٰا ہنگامی لینڈنگ کے لئے ضروری اقدامات کئے جائیں جس کے بعد قاہرہ ایئرپورٹ کے حکام نے ہنگامی حالت کا اعلان کردیا اور فائربریگیڈ اور ایمبولینسوں کو رن وے پر بلا کر لازمی اقدامات مکمل کر لئے۔ائیرپورٹ حکام کا کہنا ہے کہ سعودی پائلٹ نے کمال مہارت اور تجربے سے جہاز کو لینڈ کروا کر تمام مسافروں کی زندگیاں بچائیں اور ہوائی اڈہ بھی بڑے حادثے سے محفوظ رہا۔ سعودی ایئرلائن کے حکام کا کہنا ہے کہ متاثرہ طیارے کو مرمت کے بعد دمام واپس بھیج دیا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :