آرمی چیف سے برطانیہ میں ”کیمبرائن پٹرول“ مشقوں میں سونے کا تمغہ جیتنے والی آرمی ٹیم کی ملاقات

جنرل راحیل شریف کی سونے کا تمغہ جیتنے اور پاکستانی پرچم سر بلند رکھنے پر ٹیم کی تعریف

جمعہ 4 نومبر 2016 11:10

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔4نومبر۔2016ء)آرمی چیف جنرل راحیل شریف سے برطانیہ میں ”کیمبرائن پٹرول“ مشقوں میں سونے کا تمغہ جیتنے والی آرمی ٹیم نے ملاقات کی ہے ، آرمی چیف نے سونے کا تمغہ جیتنے اور پاکستانی پرچم بلند کرنے پر ٹیم کی تعریف کی ۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر سے جاری بیان کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف سے برطانیہ میں ”کیمبرائن پٹرول“ مشقوں میں گولڈ میڈل جیتنے والی آرمی کی ٹیم کی جمعرات کو راولپنڈی میں ملاقات ہوئی ہے ۔

(جاری ہے)

آرمی چیف نے برطانیہ میں پاکستانی پرچم سر بلند رکھنے پر ٹیم کو سراہا۔ ”کیمبرائن پٹرول“ نامی مشکل ترین مشقوں میں دنیا کے122ملکوں کی افواج نے حصہ لیا، پاک فوج کی ٹیم نے مشقوں میں تیسری مرتبہ سونے کا تمغہ جیتنے کا اعزاز حاصل کیا ہے ،گزشتہ سال بھی یہ ٹائٹل پاک آرمی نے جیتا تھا ۔ آرمی یونٹ کے یہ سخت ترین مقابلے تھے، مقابلے میں8رکنی ٹیم میں شامل ہر کھلاڑی کو 40کلو گرام وزن اٹھاکر دشوار گزار پہاڑوں سے گزر نا پڑتا ہے، ”کیمبرائن پٹرول“ 14سے 23اکتوبر تک برطانیہ میں منعقد ہوئیں۔