جنرل راحیل شریف اپنی مدت ملازمت میں مزید توسیع نہیں لیں گے،غلام قادر بلوچ

سانحہ کوئٹہ کی بنیاد پر بلوچستان میں گورنر راج کی حمایت نہیں کرتے ،ہم جمہوری اداروں کی مضبوطی اور ملکی استحکام پر یقین رکھتے ہیں سانحہ کی تحقیقات کر کے ذمہ داران کو کٹہرے میں لایا جائے،وفاقی وزیر کی خصوصی گفتگو

جمعرات 3 نومبر 2016 10:26

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔3نومبر۔2016ء )وفاقی وزیر برائے سیفران جنرل (ر)غلام قادر بلوچ نے کہا ہے سانحہ کوئٹہ کی بنیاد پر بلوچستان میں گورنر راج کی حمایت نہیں کرتے ، نہ ہی ماضی میں پیپلز پارٹی کے وزیر اعلیٰ اسلم رئیسانی کی حکومت ختم کر کے گورنر راج کے حامی تھے ۔جنرل راحیل شریف اپنی مدت ملازمت میں مذید توسیع نہیں لیں گے ،ان خیالات کا اظہار انہوں نے خبر رساں ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا ہم جمہوری اداروں کی مضبوطی اور ملکی استحکام پر یقین رکھتے ہیں ۔

ماضی میں سانحہ ہزارہ کی بنیاد پر بھی گورنر راج لگا دیا گیا جس کی میں حمایت نہیں کی تھی ۔ جنرل راحیل شریف اپنی مدت ملازمت میں توسیع نہیں لیں گے، وہ اپنی ملازمت پوری ہونے پر گھر چلے جائیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ دوران ملازمت کوئٹہ اور کراچی میں جنرل راحیل شریف اور سابق صدر پرویز مشرف میرے ساتھ رہے ہیں، میں انہیں ذاتی طور پر جانتا ہوں اور ان سے بخوبی واقف ہوں۔

جنرل راحیل ایک بہت اچھے فوجی جرنیل ہیں وہ توسیع کے حق میں قطعی نہیں اور نہ وہ توسیع لیں گے۔ انہوں نے خبر رساں ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا میں نے حکومت کو کہا ہے کہ سنیارٹی کی بنیاد پر سینئر فوجی جنرل کو چیف آف آرمی سٹاف تعینات کیا جائے ۔ ہم پاک فوج اور حکومت کے مابین کسی قسم کا تناؤ پیدا نہیں ہوگا۔انہوں نے بعد ازاں نیشنل پریس کلب کی لائبریری کے لئے کتابوں کا تحفہ بھی دینے کا اعلان کیا۔

ان کے ہمراہ صدر نیشنل پریس کلب شکیل انجم، سیکرٹری عمران یعقوب ڈھلوں اور دیگر صحافی بھی تھے۔ انہوں نے کوئٹہ میں پولیس ٹریننگ سنٹر پر دہشت گردی کے واقعہ کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ واقعہ ناقص سیکورٹی کے باعث پیش آیا۔ سانحہ کی تحقیقات کر کے ذمہ داران کو کٹہرے میں لایا جائے۔ وزیراعلیٰ اس واقعہ کے ذمہ دار نہیں۔ پولیس افسران کی ناقص کارکردگی اور سیکورٹی کے انتظامات نہ ہونے کے باعث یہ واقعہ پیش آیا۔