عمران خان کے بعد بلاول بھٹو نے حکومت کیخلاف واقعی تحریک شروع کی تو کامیاب ہوسکتے ہیں، میں ساتھ دونگا ، نبیل گبول

بلاول میں محترمہ بے نظیر بھٹو جیسی صلاحتیں ہیں ،2023ء میں وزیراعظم کے طور پر نظر آرہے ہیں نواز شریف کیخلاف ”را“ سے تعلقات،مودی سے تعلقات، کئی دوسری سنگین نوعیت کی چیزیں آگے بڑھ رہی ہیں یقین ہے وہ بچ نہیں پائیں گے، میڈیا سے گفتگو

بدھ 2 نومبر 2016 10:56

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔2نومبر۔2016ء)سابق ایم این اے سردار نبیل گبول نے کہا ہے کہ عمران خان کے بعد اب اگر بلاول بھٹو نے7نومبر کو حکومت کے خلاف واقعی تحریک شروع کردی تو وہ کامیاب ہوسکتے ہیں۔بلاول بھٹو زرداری میں محترمہ بے نظیر بھٹو جیسی صلاحیتیں ہیں اور میں دیکھ رہا ہوں2023ء میں بلاول بھٹو زرداری وزیراعظم ہوں گے۔گزشتہ روز میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگر نوازشریف کو عدالتوں نے کلین چٹ دے دی تو پھر2023ء تک میاں نوازشریف ہی وزیراعظم ہوں گے اور اگر ایسا ہوگیا تو پھر ملک کا اللہ ہی حافظ ہے لیکن انکے خلاف”را“ سے تعلقات،مودی سے تعلقات اور کئی دوسری سنگین نوعیت کی چیزیں آگے بڑھ رہی ہیں اور مجھے یقین ہے کہ وہ بچ نہیں پائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ نیوز گیٹ سکینڈل والی بات اب رک نہیں سکتی اور پاناما لیکس پر بھی کم وبیش سپریم کورٹ60دن میں فیصلہ دینے کی پوزیشن میں ہوگی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان کو اس وقت ملک دشمنوں نے گھیرا ہوا ہے اور ہماری امید آرمی اور عدلیہ ہیں اور میں یہ سمجھتا ہوں کہ اگر عوام اپیل کریں تو چیف آف آرمی سٹاف راحیل شریف کو توسیع ملنی چاہئے۔سردار نبیل گبول نے کہا کہ اگر بلاول بھٹو حکومت کیخلاف نکلیں گے تو میں ان کے ساتھ کھڑا ہوں گا اور اگر عمران خان احتجاج کریں تو انکا ساتھ دے گا۔

عمران خان اگر میری ذمہ داری لگاتے تو کم از کم50ہزار لوگ تو میں ہی لے آتا۔عمران خان کو چاہئے تھا کہ اپنے دائیں بائیں کھڑے ہوئے لوگوں کو کہتے کہ اپنے حلقے میں جاؤ اور عوام کو لیکر آؤ کیونکہ لوگوں کو لانا صدور،ایم این ایز اور ایم پی ایز کی ذمہ داری ہے