وزیراعظم سمیت800 ملزمان کیخلاف پانامہ کا مقدمہ درج کرنے کی درخواست خارج

یہ معاملہ پولیس کا نہیں بنتا،مقدمہ کے اندراج کیلے متعلقہ فورمز نیب یا ایف آئی اے سے رجوع کیا جائے،عدالت نے محفوظ شدہ فیصلہ سنا دیا

بدھ 2 نومبر 2016 11:28

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔2نومبر۔2016ء)وزیر اعظم سمیت 800ملزمان کے خلاف پانامہ لیکس کا مقدمہ درج کرنے کی درخواست خارج کردی گئی جبکہ ایڈیشنل سیشن جج ویسٹ راجہ آصف محمود خان نے محفوظ شدہ فیصلہ سنا دیا ۔

(جاری ہے)

منگل کو ایڈیشنل سیشن جج ویسٹ راجہ آصف محمد خان کی عدالت میں کیس کی ساعت ہوئی ، درخواست گزار کی جانب سے درخواست موقف اختیار کیا گیا تھا کہ پانامہ لیکس کے کرداروں میں وزیراعظم نواز شریف،حسن نواز،حسین نواز اور مریم نواز بھی شامل ہیں اورایس ایس پی اسلام آباد اور ایس ایچ او نے پانامہ ملزمان کیخلاف مقدمہ درج نہیں کیا،ایس ایچ او کا موقف تھا ملزمان انتہائی بااثر اور بڑے عہدوں پر فائز ہیں اس لئے مقدمہ درج نہیں کرسکتے جبکہ ایس ایس پی اسلام آباد نے قانونی مشیروں سے مشاورت کا کہہ کر ٹال دیا۔

وکیل نے استدعا کی عدالت پانامہ ملزمان کے خلاف اندراج مقدمہ کا حکم دے،قوم کی رقم لوٹنے کیخلاف پولیس کو تفتیش کا حکم بھی دیا جائے ۔جس پر ایس ایچ او آبپارہ کی جانب سے جواب جمع کرایا گیا ، عدالت نے فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ یہ معاملہ پولیس کا نہیں بنتا،متعلقہ فورم استعمال کیا جائے، مقدمہ کے اندراج کے لیے نیب یا ایف آئی اے سے رجوع کیا جائے۔