فیصل آباد، ماہرین امراض قلب نے ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ اٹھ سے نو لاکھ کے خرچے میں ناکارہ دل کی مریضہ کی اوپن ہارٹ سرجری کا تجربہ کامیابی سے مکمل کرلیا

دل کا کامیاب آپریشن 2گھنٹے 40منٹ جاری رہا اور اگلے تین گھنٹے بعداسے ہوش آگیا اوراسے 6گھنٹے بعد وینٹی لیٹر سے ہٹا دیا گیا،مریضہ کی حالت تسلی بخش

منگل 1 نومبر 2016 11:49

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔1نومبر۔2016ء) فیصل آباد انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے ماہرین امراض قلب نے ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ اٹھ سے نو لاکھ روپے کے خرچے میں ناکارہ دل کی مریضہ کی اوپن ہارٹ سرجری کا تجربہ کامیابی سے مکمل کرلیا ، دل کا کامیاب آپریشن 2گھنٹے 40منٹ جاری رہا اور اگلے تین گھنٹے بعداسے ہوش آگیا اوراسے 6گھنٹے بعد وینٹی لیٹر سے ہٹا دیا گیاا ور الحمد الله مریضہ کی حالت تسلی بخش ہے۔

خبر رساں ادارے کے مطابق اس سلسلہ میں ایگزیکٹو ڈائریکٹر / چیف کارڈیک سرجن ایف آئی سی پروفیسر انجم جلال نے بتایا ہے کہ منڈی بہاؤالدین کی رہائشی 23 سالہ مریضہ رواں سال اگست میں دل کے والوز کی لیکج کی بیماری کے باعث ایف آئی سی میں داخل ہوئی جس کا دل ناکارہ اور دل کاسائز بھی بڑا ہو چکا تھا اور ایسے مریض کی ہارٹ سرجری کے دوران کسی بھی وقت موت واقع ہو سکتی ہے۔

(جاری ہے)

اسی وجہ سے مریضہ سرجیکل اپریشن کرانے سے گریزاں تھی ۔انہوں نے بتایا کہ ایسے مریض کو ہارٹ ٹرانسپلانٹ کے ذریعے ہی زندہ رکھا جا سکتا ہے۔انہوں نے نے بتایا کہ مریضہ کو کچھ ماہ ہسپتال میں انتہائی نگہداشت میں زیر علاج رکھا گیا اور ضروریات کے مطابق ادویات بھی دی گئیں۔اسی دوران ایف آئی سی انتظامیہ نے ایکمو کی انتظامیہ سے رابطہ کیا جس پر مشینری کی فراہمی کے بعد ڈاکٹر عرفان رشید ڈاکٹر سہیل چوہدری نے مریضہ کی اوپن ہارٹ سرجری کی اور اس آپریشن میں ڈاکٹر آصف عالمگیر اور ڈاکٹر ساجدہ نے معاونت فراہم کی ۔

ایگزیکٹو ڈائریکٹر نے بتایا کہ مریضہ آپریشن کے روزہی بات چیت کرنے کے قابل ہوگئی تھی ۔انہوں نے بتایا کہ ایکسٹرا کورپوریل لائف سپورٹ سسٹم کے ذریعے ابتدائی طور پر مریضہ کے دل اور پھیپھڑوں کی ورکنگ کا 75فیصد لوڈ برداشت کررہے تھے اور وقت کے ساتھ ساتھ اس کا دل اور پھیپھڑے نارمل ہوتے گئے۔انہوں نے بتایا کہ اس سسٹم کے ذریعے ناکارہ دل کے مریضوں کو نئی زندگی ملے گی۔

انہوں نے بتایا کہ اس نظام کی بدولت ایچ آئی این آئی انفلوائنزا(سوائن فلو)کے مریضوں کا بھی بہتر علاج ہوسکے گاجبکہ دل اور پھیپھڑوں کی بیماری میں مبتلا نوزائیدہ بچوں کے علاج معالجہ میں بھی مدد ملے گی۔ڈاکٹرانجم جلال نے بتایا کہ مریضہ کے علاج معالجہ پر8سے 9ہزار ڈالرز کا خرچہ آیا ہے جبکہ مشین کی پاکستانی قیمت تقریبا 2کروڑ روپے ہے۔انہوں نے بتایا کہ کامیاب اوپن ہارٹ سرجری سے اس مرض میں مبتلا دیگر مریضوں کی احساس کمتری اورخوف دور ہوگا۔

متعلقہ عنوان :