دیوالی کے بعد نئی دہلی میں سانس لینا محال

عمارت میں نصب فضائی آلودگی کو ناپنے والے آلے کے مطابق شہر میں اس وقت فضائی آلودگی خطرناک حد پار کر چکی ، امریکی سفارتخانہ دہلی دنیا کا گیارہ آلودہ ترین شہر ہے ، بیماریوں کے باعث ہرسال چھ لاکھ سے زیادہ اموات ہوتی ہیں، رپورٹ

منگل 1 نومبر 2016 11:57

نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔1نومبر۔2016ء)انڈیا کا دارالحکومت دہلی ہندووٴں کے تہوار دیوالی کے بعد شدید آلودگی اور دھوئیں میں لپٹا ہوا ہے اور اس صورت حال سے پریشان ہو کر شہری آتش بازی کی وجہ شہر پر چھائے دھویں کے بادلوں کی تصاویر سماجی رابطوں کی سائٹس پر شیئر کر رہے ہیں۔دہلی کے کچھ علاقوں میں اس وقت فضائی آلودگی عالمی ادارہ صحت کے مطابق محفوظ سمجھے جانے والی شرح سے تیس گناہ زیادہ ہے۔

حکام نے پہلے ہی خبردار کیا تھا کہ دیوالی کی وجہ سے شہر میں فضائی آلودگی میں اضافہ ہو سکتا ہے۔خیال رہے کہ دیوالی کے تہوار پر عام طور پر ملک بھر میں بڑے پیمانے پر آتش بازی کی جاتی ہے۔پیر کو شہر پر چھائے دھویں کے بادلوں کے باعث دیکھنے کی حد بہت کم تھی اور حکام کی جانب سے شہریوں کو گھروں میں رہنے کا مشورہ دیا گیا تھا۔

(جاری ہے)

انڈیا میں ماحولیاتی آلودگی پر نظر رکھنے والے ادارے کے مطابق گذشتہ کچھ گھنٹوں کے دوران فضائی آلودگی میں دو گنا اضافہ ہوا ہے۔

دہلی میں امریکہ کے سفارتخانے کا کہنا ہے کہ عمارت میں نصب فضائی آلودگی کو ناپنے والے آلے کے مطابق شہر میں اس وقت فضائی آلودگی خطرناک حد پار کر چکی ہے۔خیال رہے کہ مئی میں عالمی ادارہ صحت کی جانب سے جاری کی گئی ایک رپورٹ کے مطابق دہلی دنیا کا گیارہ آلودہ ترین شہر ہے اور دیوالی سے پہلے بھی شہر کی فضا آلودہ تھی۔عالمی ادارہ صحت کے مطابق انڈیا میں فضائی آلودگی کی وجہ سے پیدا ہونے والی بیماریوں کے باعث ہرسال چھ لاکھ سے زیادہ اموات ہوتی ہیں#

متعلقہ عنوان :