ہنگامی کیفیت ملک کیلئے خطرناک ہے، ڈیڈ لاک کی بجائے ڈائیلاگ کو آگے بڑھایا جائے ، نواز شریف

نوازشریف نے تحریک انصاف کا استعفیٰ کا مطالبہ مسترد کر دیا،ذرائع

منگل 1 نومبر 2016 12:03

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔1نومبر۔2016ء) وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ ہنگامی کیفیت ملک کیلئے خطرناک ہے ڈیڈ لاک کی بجائے ڈائیلاگ کو آگے بڑھایا جائے۔ وزراء اتحادیوں اور اپوزیشن سے مشاورت کا سلسلہ تیز کیا جائے۔

(جاری ہے)

نجی ٹی وی کے مطابق پیر کے روز وزیراعظم کی زیر صدارت کابینہ کا غیر رسمی اجلاس ہوا جس میں وزیراعظم نے کہا کہ تحریک انصاف کو احتجاج کیلئے پریڈ گراؤنڈ اور سہولتوں کی فراہمی کے عزم کا اظہارکیا اور کہا کہ ہنگامی کیفیت ملک کیلئے خطرناک ہے وزراء سیاسی جماعتوں اور اتحادیوں سے مشاورت کا سلسلہ تیز کریں اور ڈیڈ لاک کی بجائے ڈائیلاگ کو آگے بڑھایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ معاملات کو مذاکرات سے حل کرنے کی کوشش کی جائے۔ دوسری جانب وزیراعظم میاں محمدنوازشریف نے پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے استعفیٰ کے مطالبے کویکسر مستردکرتے ہوئے کہاہے کہ وہ کسی صورت مستعفی نہیں ہوں گے ۔مصدقہ ذرائع سے آن لائن کو معلوم ہواہے کہ وزیراعظم محمدنوازشریف نے اس حوالے سے اپنے قریبی رفقا سے صلاح مشورے کئے تاہم انہوں نے اپنے رفقا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ کسی صورت مستعفی نہیں ہوں گے ۔آئینی وقانونی طورپر2018ء تک وہ اقتدارمیں رہیں گے ۔بعدازاں الیکشن کرائے جائیں گے