نواز لیگ کے بعد تحریک انصاف کا گلو بٹ بھی سامنے آ گیا

دوران احتجاج پی ٹی آئی لائرز ونگ رہنما شاہد نسیم گوندل راہگیروں پر تھپڑ برساتا رہا

ہفتہ 29 اکتوبر 2016 11:01

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔29اکتوبر۔2016ء )نواز لیگ کے بعد تحریک انصاف کا گلو بٹ بھی سامنے آ گیا، جی پی او چوک میں حکومت کیخلاف احتجاج کے دوران پی ٹی آئی لائرز ونگ کا رہنما شاہد نسیم گوندل راہگیروں پر تھپڑ برساتا رہا تحریک انصاف ہر مرتبہ نواز لیگ کو گلو بٹ کے حوالے سخت تنقید کا نشانہ بناتی ہے لیکن گلو بٹ تحریک انصاف میں بھی موجود ہیں، تحریک انصاف لائرز ونگ کے ممران نے حکومت کیخلاف جی پی او چوک میں احتجاجی مظاہرہ کیا اور ٹائر جلا کر پنجاب اسمبلی سے جی پی او چوک کی طرف آنیوالی سڑک بلاک کردی، اس دوران کچھ گاڑیوں اور موٹر سائیکل سوار کچھ راہگیروں نے جلتے ہوئے ٹائر ہٹا کر گزرنے کے کوشش کی تو پی ٹی ائی لائرز ونگ کا ممبر اور منڈی بہاؤالدین سے صوبائی اسمبلی کا ٹکٹ ہولڈر شاہد نسیم اپنے ہوش کھو بیٹھا، فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ شاہد نسیم ایڈووکیٹ نے ٹائر ہٹا کر گزرنے والے پک اپ ڈرائیور کو زور دار تھپڑ رسید کر دیا اور خود حادثے کا شکار ہوتے ہوتے بچا، غصے میں شاہد نسیم ایڈووکیٹ نے بچوں کو سکول سے واپس لے جانے والے موٹر سائیکل سوار شہری کو بھی زور دار پھڑا جڑ دیا جس سے موٹر سائیکل سوار دو معصوم بچے اورشہری حادثے کا شکار ہوتے ہوتے بچے، سول سوسائٹی کی طرف سے تحریک انصاف لائرز ونگ کے رہنما شاہد نسیم ایڈووکیٹ کی طرف سے راہگیروں کو تھپڑ مارنے کی شدید مذمت کرتے ہوئے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ شاہد نسیم ایڈووکیٹ کیخلاف کارروائی کی جائے۔