جڑوا ں شہر میدان جنگ بنے رہے،وزیر اطلاعات اور وزیر داخلہ غائب رہے

حکومت کادفاع کرتے نظرنہیں آئے دانیال عزیزکوبیک فٹ پرکر دیا گیا، سرکاری پریس کانفرنس کیلئے سعدرفیق کوذمہ داریاں تفویض کی گئیں

ہفتہ 29 اکتوبر 2016 10:49

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔29اکتوبر۔2016ء)وفاقی دارالحکومت اسلام آباداورراولپنڈی گزشتہ 24گھنٹے سے میدان جنگ بنے ہوئے ہیں لیکن وفاقی وزیراطلاعات ونشریات پرویزرشید اور وزیرداخلہ چوہدری نثارعلی خان کسی بھی ٹی وی چینل پرحکومت کادفاع کرتے ہوئے نظرنہیں آئے ۔باخبرذرائع کاکہناہے کہ وفاقی وزیراطلاعات ونشریات پرویزرشیدانگریزی اخبارمیں شائع کروائی گئی سٹوری کے مکمل دباوٴمیں ہیں اس لئے وہ حکومت کے دفاع کیلئے کسی بھی میڈیاچینل پردکھائی نہیں دے رہے جبکہ وزیرداخلہ چوہدری نثارعلی خان کی مرضی کے خلاف راولپنڈی اوراسلام آبادمیں کارکنوں پرلاٹھی چارج اورآنسوگیس کے شیل پھینکے جارہے ہیں ۔

ذمہ دارذرائع کے مطابق اسلام آبادمیں پی ٹی آئی کے کارکنوں کے خلاف کریک ڈاوٴن کیلئے وزیراعظم سیکرٹریٹ سے براہ راست آئی جی اسلام آبادکوہدایات جاری کی گئیں ،جس پروزیرداخلہ چوہدری نثارعلی خان نے سخت برہمی کااظہارکیا۔

(جاری ہے)

وفاقی پولیس اس وقت مکمل طورپردودھڑوں میں تقسیم ہے ،ایک دھڑے کی قیادت آئی جی اسلام آبادکررہے ہیں جووزیراعظم سیکرٹریٹ سے ہدایات لے رہے ہیں جبکہ ایس پی ساجدکیانی وزیرداخلہ کے کیمپ میں ہیں اورانہی کے حکم کاانتظارکرتے رہے ۔ ،وزیراعظم کے میڈیاسیل نے دانیال عزیزکوبیک فٹ پرکرکے سرکاری پریس کانفرنس مسلسل کرنے کیلئے خواجہ سعدرفیق کوذمہ داریاں تفویض کردی ہیں