نواز شریف نے جتنے دورے لندن کے کیے آدھے کوئٹہ کے کرلیتے تو صورتحال بہتر ہوتی،عمران خان

جس ملک کے حکمران چوری کریں وہ تباہ ہوجاتے ہیں، پاکستان اس لیے نہیں بناتھا کہ ٹاٹا اور برلا کی جگہ شریف مال بنائیں،میڈیا سے بات چیت

بدھ 26 اکتوبر 2016 11:09

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔26اکتوبر۔2016ء) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ وزیراعظم نواز شریف نے جتنے دورے لندن کے کیے اس کے آدھے بھی کوئٹہ کے کرلیتے تو صورتحال بہتر ہوتی ان خیالات کا اظہار انہوں نے سول ہسپتال کوئٹہ میں زخمیوں کے عیادت کے بعد میڈیا سے بات چیت کر تے ہوئے کیااس موقع پر جہانگیر ترین ، سردار یار محمد رند، علیم خان سمیت دیگر رہنماء بھی موجود تھے عمران خان نے کہا کہ 2نومبر پاکستان کی تاریخ کا فیصلہ کن دن ہے، جس ملک کے حکمران چوری کریں وہ تباہ ہوجاتے ہیں۔

پاکستان اس لیے نہیں بناتھا کہ ٹاٹا اور برلا کی جگہ شریف مال بنائیں،وزیراعلیٰ بلوچستان بتائیں کہ سیکیورٹی پر خرچ کیے گئے 30ارب روپے کہاں لگائے،کسی اور جنگ میں شامل ہوکر عذاب اپنے اوپر لائے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان پر تمام جماعتوں نے دستخط کیے ہیں، اس پر عملدرآمد کیا جائے، ’را‘ کی مداخلت کا معاملہ وزیراعظم کو عالمی فورمز پر اٹھانا چاہیے۔

ہمیں پتہ ہے کہ ’را‘ کو بھی ایم کیو ایم سپورٹ کرتی تھی، بلوچستان میں ’را‘اور دیگر دشمن ایجنسیاں کام کر رہی ہیں ، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سب سے اہم کردار تھانے کا ہے۔پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے کہا ہے کہ سانحہ کوئٹہ کی پر زور مذمت کرتے ہیں،پولیس سنٹر میں سیکورٹی لیپس کیسے ہوا اس کی تحقیقات ہونی چا ہیں۔

تفصیلات کے مطابق عمران خان نے سانحہ کوئٹہ کے زخمیوں کی سول اسپتال میں عیادت کی۔ زخمیوں کی عیادت کے بعد سول اسپتال کے باہر میڈٰیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ سانحہ کوئٹہ میں سیکورٹی لیپس کیسے ہوا اس تحقیقات کی جائیں۔ بلوچستان میں سیکورٹی ناقص کیوں ہے۔ وزیراعلیٰ بلوچستان ناقص سیکورٹی انتظامات کا جواب دیں جبکہ وزیراعظم کو سیکورٹی انتظامات پر زیادہ توجہ دینی چاہیئے۔ بلوچستان میں سیکورٹی پر 30 ارب خرچ ہوتے ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا 2 نومبر پاکستان کی تاریخ کا فیصلہ کن دن ہے اور یہ دن نئے پاکستان کا فیصلہ کرے گا۔ واضح رہے عمران خان ایبٹ آباد کا دورہ منسوخ کر کے کوئٹہ پہنچے تھے۔