تحریک انصاف کا دھرنا،لائحہ عمل مرتب کرنے کیلئے وزیر اعظم نے آج اہم ترین اجلاس طلب کر لیا

منگل 25 اکتوبر 2016 11:31

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔25اکتوبر۔2016ء) تحریک انصاف کے 2 نومبر کو دیئے جانے والے دھرنے کے حوالے سے لائحہ عمل مرتب کرنے کے لئے وزیر اعظم محمد نواز شریف نے آج اہم ترین اجلاس وزیر اعظم ہاؤس میں طلب کر لیا ہے ۔ مصدقہ ذرائع کے مطابق اجلاس میں وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان ، وزیر دفاع خواجہ آصف ، وزیر منصوبہ بندی چودھری احسن اقبال بھی شرکت کریں گے ۔

(جاری ہے)

وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان دھرنے سے متعلق انٹیلی جنس اداروں کی رپورٹس کی روشنی میں وزیر اعظم کو بریفنگ دیں گے جبکہ ایسی اطلاعات بھی ہیں کہ جمہوری نظام کی بقاء کیلئے وزیر اعظم اپنے ساتھیوں سے ان ہاؤس تبدیلی بارے بھی مشاورت کریں گے کیونکہ وزیر اعظم محمد نواز شریف اس وقت اگست 2014 کے دھرنے سے بھی زیادہ دباؤ میں ہیں اور مسلم لیگ(ن) کے لوگ محسوس کر رہے ہیں کہ وزیر اعظم نے کوئی قدم نہ اٹھایا تو سسٹم کو خطرہ ہو سکتا ہے ۔ آج وزیر اعظم ہاؤس میں ہونے والا اجلاس بہت اہمیت کا حامل ہے ۔