پیمرا نے سیٹلائٹ ٹی وی چینلز اور ریڈیو پر انڈین مواد نشر کرنے پر مکمل پابندی عائد کر دی

جمعرات 20 اکتوبر 2016 10:52

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔20اکتوبر۔2016ء)پیمرااتھارٹی نے سیٹلائٹ ٹی وی چینلز اور ریڈیو پر انڈین مواد نشر کرنے پر مکمل پابندی عائد کر دی۔ اتھارٹی نے یہ فیصلہ حکومت پاکستان کی جانب سے سمری کا جواب موصول ہونے پر کیا جس میں حکومت پاکستان نے اتھارٹی کو مکمل اختیارات تفویض کیے کہ وہ انڈین مواد سے متعلق فیصلہ سازی کرنے میں مکمل با اختیار ہے لہٰذا آج اتھارٹی نے اپنے فیصلے کے ذریعے 2006ءء میں پرویز مشرف حکومت کی جانب سے انڈیا کو دی گئی یکطرفہ رعایت کو منسوخ کر دیا۔

اس پابندی کا اطلاق21اکتوبر2016ءء کو سہ پہر3بجے ہو جائے گا اور خلاف ورزی کرنے والے ٹی وی چینلز اور ایف ایم ریڈیوزکا لائسنس بغیر شوکاز نوٹس جاری کئے معطل کر دیا جائے گا۔ اجلاس میں 15اکتوبر2016ءء رات12بجے کے بعد سے غیر قانونی انڈین ڈی ٹی ایچ اور انڈین مواد کے خلاف جاری مہم کے بارے میں آگاہ کیا گیا اور ملک کے مختلف شہروں میں ہونے والی کاروائیوں کی تفصیل دی۔

(جاری ہے)

اتھارٹی ممبران نے کامیاب مہم پر تمام پیمرا افسران اور سٹاف کی کاوشوں کو سراہا اور اس کاروائی کو جاری رکھنے کا عندیہ دیا۔اتھار ٹی نے وفاقی اور صوبائی حکومتوں، حکومت آزاد کشمیر، پی ٹی اے، ایف بی آر، ایف آئی اے اور پولیس کابھی شکریہ ادا کیا جن کے تعاون سے یہ محنت کامیاب ہوئی۔چیئرمین پیمرا ابصار عالم کی زِیر صدارت اجلاس میں سیکریٹری داخلہ عارف احمد خان،سیکریٹری انفارمیشن صباء محسن،چیئرمین ایف بی آرناصر محمدخان،چیئرمین پی ٹی اے ڈاکٹر اسماعیل شاہ، محترمہ شاہین حبیب اللہ (ممبر خیبر پختونخوا) محترمہ نرگس ناصر ( ممبر پنجاب)جناب سرفراز خان جتوئی (ممبر سندھ) نے شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :