الیکشن کمیشن کا اراکین اسمبلی کے اثاثوں کی تفصیلات کی چھان بین کرنے کا اصولی فیصلہ

بدھ 19 اکتوبر 2016 11:07

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔19اکتوبر۔2016ء) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے سینٹ ،قومی اسمبلی اور چاروں صوبائی اسمبلیوں کے اراکین کی جانب سے جمع کرائے جانے والے اثاثوں کی تفصیلات کی چھان بین کرنے کا اصولی فیصلہ کرتے ہوئے الیکشن کمیشن سیکرٹریٹ کو ہدایت کی ہے کہ اثاثوں کی تفصیلات کی سکروٹنی کیلئے باقاعدہ ٹائم فریم اور ایس او پی وضح کئے جائیں ۔

(جاری ہے)

الیکشن کمیشن کے ذرائع کے مطابق اس سال پارلیمیٹرین کی جانب سے جمع کرائے جانے والے اثاثوں کی تفصیلات کی چھان بین کرنے کیلئے الیکشن کمیشن کی جانب سے سیکرٹریٹ کو ہدایت کی گئی ہے کہ اس سلسلے میں باضابطہ طور پر طریقہ کار وضح کیا جائے کہ الیکشن کمیشن کے پولیٹکل فنانس ونگ کو اثاثوں کی چھان بین کیلئے کس حدتک مضبوط کیا جائے اور اس سلسلے میں ایف بی آر ،نیب اور ایف آئی اے سمیت صوبائی محکموں سے کس حد تک مدد لی جائے ذرائع کے مطابق یہ ہدایت بھی کئی گئی ہے کہ اثاثوں کی تحقیقات کیلئے سرکاری اداروں کی معاونت حاصل کی جائے یا پھر ان کیلئے کسی پرائیویٹ فرم کی خدمات حاصل کی جائے ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن کی تاریخ میں پہلی بار پارلیمینٹرین کی جانب سے جمع کرائے جانے والے اثاثوں کی تفصیلات کی چھان بین کا فیصلہ کیا گیا ہے ذرائع کے مطابق اگر اثاثوں کی تفصیلات میں کسی قسم کی غلط بیانی ثابت ہوئی تو ان پارلیمینٹرینز کے خلاف کاروائی کی جائے گی ۔