راہداری منصوبہ اہمیت کا حامل ہے ٬ خیبرپختونخوا حکومت اس کی تکمیل کیلئے بھرپور تعاون کریگی٬ عمران خان کی چینی سفیر کو یقین دہانی

سن وی ڈونگ اور چیئرمین تحریک انصاف کاملاقات میں پاک چین دوستی ٬سی پیک اور خطے کی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال٬چینی سفیر نے عمران خان کو سی پیک منصوبے پر پیش رفت بارے آگاہ کیا

بدھ 19 اکتوبر 2016 10:59

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔19اکتوبر۔2016ء)پاکستان میں چین کے سفیر سن وی ڈونگ نے چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کے ساتھ ملاقات میں پاک چین دوستی خطے کی صورتحال بالخصوص پاک چین اقتصادی راہداری پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ منگل کو ہونے والی ملاقات میں چینی سفیر سے عمران خان نے کہا کہ چین پاکستان کا قریبی اور قابل اعتماد دوست ہے اور دونوں ممالک نے ہمیشہ ہر مشکل گھڑی میں ایک دوسرے کا بھرپور ساتھ دیا ہے ۔

اقتصادی راہداری منصوبہ انتہائی اہمیت کا حامل ہے اور خیبرپختونخوا حکومت منصوبے کی تکمیل کے لئے بھرپور تعاون کرے گی ۔ ملاقات میں چینی سفیر نے عمران خان کو راہداری منصوبے پر ہونے والی پیش رفت سے آگاہ کیا اور بتایا کہ چین کی ایک خواہش اور کوشش ہے کہ یہ عظیم منصوبہ مقررہ مدت میں مکمل ہو جس سے خطے میں ترقی کا نیا دور شروع ہو گا ۔

(جاری ہے)

پاکستان اور پاکستانی عوام کو فوائد حاصل ہوںاور ہزاروں لوگوں کو روزگار کے مواقع ملیں گے ۔

ملاقات میں عمران خان نے چین کی جانب سے عالمی سطح پر مختلف امور میں پاکستان کی حمایت کرنے کا شکریہ ادا کیا ۔ ملاقات میں سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی بھی موجود تھے ۔انہوں نے راہداری منصوبہ اور دونوں ممالک کے مابین تعلقات کو مضبوط کرنے پر چین سفیر کی کاوشوں کو سراہا۔