افغانستان : صوبہ بادغیس میں طالبان کا حملہ این ڈی ایس کا صوبائی کمانڈر ہلاک

حملہ اس وقت کیا گیا جب این ڈی ایس اسپیشل فورسز ضلع قادیس میں سفر کررہی تھیں، حکام این ڈی ایس کمانڈر طالبان سے جھڑپ کے دوران ہلاک ہوا، دو طالبان بھی ہلاک ہوئے ، صوبائی پولیس چیف

منگل 18 اکتوبر 2016 10:53

کابل( اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔18اکتوبر۔2016ء ) افغانستان کے مغربی صوبے بادغیس میں طالبان کے حملے میں نیشنل ڈائریکٹریٹ آف سیکیورٹی (این ڈی ایس) اسپیشل فورسز کے صوبائی کمانڈر ہلاک ہوگئے۔افغان خبررساں ادارے کے مطابق صوبے بادغیس کے مقامی حکام نے بتایا کہ حملہ اس وقت کیا گیا جب این ڈی ایس اسپیشل فورسز ضلع قادیس میں سفر کررہی تھیں۔صوبائی پولیس چیف عبدالروٴف تاج کا کہنا تھا کہ 'این ڈی ایس کمانڈر طالبان سے جھڑپ کے دوران ہلاک ہوا'۔

ان کا کہنا تھا کہ مقابلے میں 2 حملہ آوروں بھی ہلاک ہوئے، تاہم انھوں نے حملے کے حوالے سے مزید تفصیلات فراہم نہیں کیں۔واضح رہے کہ طالبان نے اب تک مذکورہ حملے کے حوالے سے کوئی بیان جاری نہیں کیا۔دسمبر 2014 میں امریکا کی اتحادی نیٹو افواج کے انخلاء کے بعد سے افغانستان میں طالبان کی جانب سے سیکیورٹی فورسز اور دیگر اہم مقامات پر حملوں میں اضافہ ہوگیا ہے۔

(جاری ہے)

خیال رہے کہ افغانستان میں 1996 سے 2001 کے دوران افغان طالبان نے افغانستان میں اپنی حکومت امارت اسلامیہ قائم کی تھی اور وہ ایک مرتبہ پھر ملک کا کنٹرول حاصل کرنے کے لیے جنگ میں مصروف ہیں۔یاد رہے کہ رواں سال 30 جون کو کابل میں افغان پولیس کے قافلے پر خودکش حملے کے نتیجے میں 27 اہلکار ہلاک ہوگئے تھے۔20 جون کو دارالحکومت کابل میں ایک منی بس میں ہونے والے خودکش دھماکے کے نتیجے میں 14 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔20 اپریل کو افغانستان کے خفیہ ادارے نیشنل سیکیورٹی ڈائریکٹوریٹ (این ڈی ایس) پر ہونے والے حملے میں 64 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔2 فروری کو کابل کے وسط میں واقع ایک پولیس بیس پر طالبان کے خود کش حملے میں کم ازکم 20 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔