4سال سے تنخواہوں سے محروم کراچی کے6ہزار اساتذہ نے بلاول بھٹو سے مدد کی درخواست کر دی

سابق وزیر نثار کھوڑو نے معاملاحل کرنے کی یقین دہانی کروا کر مکر گئے، گھروں میں فاقے کی نوبت آگئی ،ابوبکر ابڑو سانحہ18اکتوبر2007ء کے زخمیوں کو بھی محکمہ تعلیم میں ملازمتیں دی گئیں مگر انہیں بھی تنخواہیں جاری نہیں کی جا رہی نیو ٹیچرز ایکشن کمیٹی نے سلام شہداء ریلی میں تحریر ی درخواست چیئر مین تک پہنچا نے کیلئے جمیل سومرو کے حوالے کی

پیر 17 اکتوبر 2016 10:57

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔16اکتوبر۔2016ء) چار سال سے تنخواہوں سے محروم اساتذہ اور غیر تدریسی عملے نے پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو سے تنخواہیں جاری کرانے کیلئے مدد کی درخواست کر دی ہے ۔ اتوار کوپیپلز پارٹی کی سلام شہداء ریلی کے آغاز پر ہی سال2012ء کے دوران محکمہ تعلیم کراچی میں بھرتی کے بعد سے اب تک تنخواہوں سے محروم 6ہزار اساتذہ اور غیر تدریسی عملے نے تنخواہیں جاری کرانے میں مدد کرنے کیلئے اپیل کی تحریر ی درخواست پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو تک پہنچا نے کیلئے پیپلز پارٹی کے رہنما جمیل سومرو کے حوالے کی ۔

اس ضمن میں نیو ٹیچرز ایکشن کمیٹی کے چیئر مین ابو بکر ابڑو نے بتایا کہ بھرتیوں کے باوجود گذشتہ4سال سے تنخواہوں سے محروم اساتذہ اور غیر تدریسی عملے نے پیپلز پارٹی کی اعلی قیادت سے انصاف طلب کرنے کیلئے تحریری درخواست میں پارٹی کے چیئرمین بلاو ل بھٹو کی توجہ اپنے مسائل کی جانب کراتے ہوئے آگاہ کیا ہے کہ سال2012ء میں سندھی لینگویج ٹیچرز،ڈرائنگ ٹیچرز،عربک ٹیچرسمیت3500 مختلف کیڈر کے اساتذہ اور2400 غیر تدریسی عملے کو محکمہ تعلیم کراچی میں بھرتی کیا گیا تھا لیکن اب تک محکمہ تعلیم کی جانب سے انہیں تنخواہیں جاری نہیں کی گئیں جس کی وجہ سے اساتذہ اور نان ٹیچنگ اسٹاف کے گھروں میں فاقے کی نوبت آگئی ہے۔

(جاری ہے)

اپنے مطالبات میں پر امن احتجاج بھی کیا لیکن اسے بھی اہمیت نہیں دی گئی سابق وزیر تعلیم نثار کھوڑو نے بلاول ہاؤس کے قریب ہمارے احتجاج کے دوران مسائل حل کرنے کی یقین دہانی کرائی مگر وہ بھی مکر گئے ،موجودہ سیکریٹری تعلیم فضل اللہ پیچوہو نے اس معاملے کو انا کا مسئلہ بنا کر تنخواہیں روک رکھی ہیں اور اس میں وہ افراد بھی شامل ہیں جو محترمہ بے نظیر بھٹو کی18اکتوبر2007ء میں پاکستان آمد کے موقع پر جاں نثاران بھٹو فورس میں شامل تھے اور سانحہ میں زخمی بھی ہوئے تھے مگر اب تک انصاف نہیں ملا ۔ابوبکر ابڑو کے مطابق پیپلز پارٹی کے رہنما جمیل سومرو نے یقین دہانی کرائی ہے کہ وہ نیو ٹیچرز ایکشن کمیٹی کی درخواست پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری تک پہنچا دیں گے ۔