عمران خان 30 اکتوبر کے لاک ڈاوٴن کیلئے عوام کو متحرک کرنے کیلئے تیار،آج لاہو ر جائیں گے

ملاقاتیں اور سیمینار سے اہم خطاب کرینگے ، پانامہ لیکس کی تحقیقات اور تحریک احتساب کے مستقبل پر تفصیل سے روشنی ڈالیں گے

ہفتہ 15 اکتوبر 2016 10:33

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔15اکتوبر۔2016ء)چیئرمین تحریک انصاف عمران خان 30 اکتوبر کے اسلام آباد میں لاک ڈاوٴن کیلئے عوام کو متحرک کرنے کیلئے مکمل تیار ہیں ۔ مرکزی میڈیا ڈیپارٹمنٹ سے جاری بیان کے مطا بق ابتداء میں وہ آج (ہفتہ کو )لاہور جائیں گے جہاں وہ وکلاء , ڈاکٹرز, اساتذہ اور دیگر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے پروفیشنلز سے ملاقات اور مقامی ہوٹل میں انصاف پروفیشنلز فورم کے زیر اہتمام بڑے سیمینار سے اہم خطاب کریں گے ۔

ڈاکٹر یاسمین راشد, عندلیب عباس اور دیگر کی جانب سے منعقدہ سیمینار میں چیئرمین عمران خان تحریک احتساب کے اگلے مرحلے پر مفصل روشنی ڈالیں گے ۔سیمینار میں پانامہ لیکس سے عالمی سطح پر جنم لینے والی صورتحال اور بیرونی حکومتوں کے ردعمل پر جامع دستاویزی فلم کا مشاہدہ کیا جائے گا ۔

(جاری ہے)

تقریب میں کرپشن, اقرباپروری, اداروں کی زبوں حالی کے کسی بھی معیشت پر مہلک اثرات کا پیشہ وارانہ جائزہ بھی پیش کیا جائے گا ۔

چیئرمین تحریک انصاف تقریب سے اپنے خطاب میں پانامہ لیکس کی تحقیقات اور تحریک احتساب کے مستقبل پر تفصیل سے روشنی ڈالیں گے ۔30 اکتوبر کے حوالے سے اسلام آباد میں طے شدہ تاریخی احتجاج کے مختلف پہلووٴں کا بطور خاص ذکر کریں گے ۔اپنے خطاب میں چیئرمین عمران خان ملک بھر میں عوام کو تحریک دینے کیلئے ترتیب دیے گئے پروگرام کا بھی اعلان کریں گے ۔