حکومت نے صحافی سیرل المائڈا کا نام ای سی ایل سے نکال دیا، نوٹیفیکیشن جاری

وزیر داخلہ نے سی پی این ای، اے پی این ایس کے مشترکہ وفد سے ملاقات میں حکم جاری کیا معاملے کی انکوائری جاری رہے گی تاکہ خبر کو دینے والے اصل افراد تک پہنچا جا سکے،چوہدری نثار

ہفتہ 15 اکتوبر 2016 11:06

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔15اکتوبر۔2016ء) وفاقی حکومت نے صحافی سیرل المائڈا کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) سے نکال دیا۔ وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کونسل آف پاکستان نیوزپیپر ایڈیٹرز (سی پی این ای) اور آل پاکستان نیوزپیپرز سوسائٹی (اے پی این ایس) کے مشترکہ اعلیٰ سطحی وفد سے ملاقات میں آزادی اظہار رائے کی پاسداری اور صحافت و اخبارات سے خیر سگالی کا اظہار کرتے ہوئے ڈان نیوز کے صحافی سیرل المائڈا کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) سے منہاں کرنے کا حکم جاری کر دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ صحافی کا نام ای سی ایل سے نکالے جانے کے باوجود معاملے کی انکوائری جاری رہے گی تاکہ اس خبر کو دینے والے اصل افراد تک پہنچا جا سکے۔ اس موقع پر وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات سینیٹر پرویز رشید اور پرنسپل انفارمیشن آفیسر راوٴ تحسین علی خان بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے ایک مرتبہ پھر اپنے عزم کو دہرایا کہ قومی سلامتی ‘ وقار کی پاسداری اور ملک دشمن عناصر کی جانب سے کئے جانے والے منفی پروپیگنڈا کی بیخ کنی کرنا بھی آزادی صحافت کی ذمہ داری ہے۔

غیر مصدقہ اور افواہوں پر مبنی خبروں جس سے ملکی سلامتی کو گزند پہنچے اور اخلاقی و ذمہ دارانہ صحافتی اقدار مجروح ہوں ان کی اشاعت سے پرہیز کرنا چاہئے۔ مشترکہ وفد میں سی پی این ای کی جانب سے صدر ضیا شاہد اور سیکریٹری جنرل اعجازالحق جبکہ اے پی این ای ایس کی نمائندگی صدر سرمد علی اور جنرل سیکریٹری عمر شامی سمیت سینئر صحافی عارف نظامی اور مجیب الرحمن شامی بھی شامل تھے۔دریں اثناء وزارت داخلہ کی جانب سے سیرل المائڈا کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) سے نکالنے کا نوٹیفیکیشن بھی جاری کردیا ہے ۔

متعلقہ عنوان :