بھارت کا روس سے دنیا کا سب سے جدید میزائل ڈیفنس سسٹم خریدنے کا فیصلہ

روس بھارت کو ایس 400 ٹرمپف میزائل سسٹم فراہم کرے گا ، 300 ٹارگٹس کو نشانہ بناسکتا ہے

جمعہ 14 اکتوبر 2016 11:14

نئی دلی( اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔14اکتوبر۔2016ء ) غربت کے خلاف جنگ کا راگ الاپنے والی مودی سرکار دراصل جنگی جنون میں مبتلا ہے اور اس جنون میں بھارت ہرگزرتے دن کے ساتھ آگے بڑھتا جارہا ہے جس کا ایک اور ثبوت سامنے آیا ہے جس میں بھارت نے روس سے جدید ترین اینٹی میزائل ڈیفنس سسٹم خریدنے کا فیصلہ کیا ہے جو دنیا کا سب سے جدید میزائل ڈیفنس سسٹم ہے۔

اس سسٹم کو ایس 400 یا ’ ٹرمپف‘ (فتح) کا نام دیا گیا ہے۔ یہ معاہدہ بھارتی وزیرِ اعظم نریندرا مودی اور روسی صدر ولادمیر پیوٹن کے درمیان ہوگا جس میں روس ایس 400 ٹرمپف میزائل سسٹم فراہم کرے گا جو درمیانے اور طویل درجے پر کام کرسکتے ہیں۔ روس نے حال ہی میں اسے شام میں بھی آزمایا ہے۔روس نے اس معاہدے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ معاہدے پر دونوں ممالک کے سربراہان دستخط کریں گے جس کے لیے دونوں رہنماوٴں کی ملاقات بھارتی شہر گووا میں بروز ہفتہ متوقع ہے جہاں وہ برکس سمٹ میں ملاقات کریں گے۔

(جاری ہے)

روس کا کہنا ہیکہ اس کے علاوہ بھارت کو دیگر جنگی سامان بھی فراہم کیا جائے گا جب کہ روسی صدر کے ترجمان کے مطابق یہ اب تک کا سب سے جدید میزائل ڈیفینس سسٹم ہے، ایس 400 سسٹم بہ یک وقت 300 ٹارگٹس کو نشانہ بناسکتا ہے اور ایک وقت میں کئی کلومیٹر سے اڑنے والے مخالف میزائلوں کو گراسکتا ہے۔واضح رہے کہ بھارت روسی اسلحے کا بڑا خریدار رہا ہے اور مودی حکومت نے روسی ہتھیاروں کو جدید بنانے کے لیے 100 ارب ڈالر کی خطیر رقم رکھی ہے۔ اس کے علاوہ گزشتہ ماہ بھارت نے 9 ارب ڈالر کی مالیت کے 36 رافیل طیارے خریدنے کا معاہدہ بھی کیا ہے۔

متعلقہ عنوان :