پاکستان میں یکم نومبر سے 92رون پیٹرول کی فروخت شروع کر دی جائے گی

جمعہ 14 اکتوبر 2016 11:34

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔14اکتوبر۔2016ء)پاکستان میں یکم نومبر سے 92رون پیٹرول کی فروخت شروع کر دی جائے گی ، جس کے بعد پاکستان غیر معیاری ایندھن استعمال کر نے والے ملکوں کی فہرست میں نکل کر، ماحول کو صاف کر نے کیلئے زیادہ محفوظ ایندھن استعمال کرنے والے ملکوں میں شامل ہو جائے گا ۔تفصیلات کے مطابق حکومت کی ہدایت پر پاکستان اسٹیٹ آئل کمپنی نے رون 92پٹرول کی خریداری کے لیے ٹینڈر جاری کردیئے ہیں جس کے تحت 55ہزار ٹن کی پہلی درآمدی کھیپ اکتوبر کے آخری ہفتے میں کراچی پہنچ جائے گی جبکہ عوامی فروخت کا آغاز یکم نومبر سے کیا جائے گا۔

بہتر معیار کے پٹرول کی درآمد کا فیصلہ اس رپورٹ کے سامنے آنے کے بعد کیا گیا جس کے مطابق پاکستان دنیا میں افریقی ملک صومالیہ کے بعد دوسرا ملک ہے جو پست معیار کا پٹرول استعمال کررہا ہے، پست معیار کے ایندھن کے استعمال سے ماحول کو نقصان پہنچنے کے ساتھ گاڑیوں کے انجن کی کارکردگی بھی متاثر ہوتی ہے۔

(جاری ہے)

اس رپورٹ کی روشنی میں حکومت نے رون87کی جگہ RON92ایندھن درآمد کرنے کا فیصلہ کیا جس پر عمل درآمد کے لیے کویت پٹرولیم سے رون 92کی خریداری کے سودے طے کیے گئے ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ بہتر معیار کے پٹرول کی قیمت متروک ہونے والے پٹرول کے مقابلے میں 2روپے 70پیسے فی لیٹر تک زائد ہوگی تاہم قیمت کا درست اندازہ حقیقی درآمدی لاگت اور بین الاقوامی مارکیٹ کی قیمتوں کو مدنظر رکھتے ہوئے ہی کیا جائے گا۔واضح رہے کہ پاکستان کے پڑوسی ملک بھارت، بنگلہ دیش، ایران اور سری لنکا پہلے ہی رون 92ایندھن استعمال کررہے ہیں۔

متعلقہ عنوان :