لسبیلہ میں سیسے کی کان میں پانی بھر گای، پھنسے ہوئے دو چینی سمیت تین کان کنوں کو نکالنے کی کوششوں کو روک دیا گیا

پیر 10 اکتوبر 2016 10:35

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔10اکتوبر۔2016ء ) بلوچستان کے ضلع لسبیلہ میں سیسے کی کان میں پانی بھر جانے کی وجہ سے اس میں پھنسے ہوئے دو چینی سمیت تین کان کنوں کو نکالنے کی کوششوں کو روک دیا گیا ہے یہ بات محکمہ انسپیکٹوریٹ آف مائنز کے سینئر اہلکاروں نے بتایا یہ کان کن سیسے کی اس کان میں 24ستمبر کو پھنس گئے تھے تینوں کان کنوں کو نکالنے کے لیے نہ صرف راولپنڈی سے ایک خصوصی ٹیم آئی تھی بلکہ چین سے بھی ماہرین کی ایک ٹیم پہنچی تھی اہلکار نے بتایا کہ پھنسے ہوئے کان کنوں کو نکالنے کی تمام تر کوششیں نہ صرف کامیاب نہیں ہوسکیں بلکہ کان کے اندر بہت زیادہ پانی آنے کی وجہ سے ان کوششوں کو روکنا پڑا ہے انہوں نے بتایا کہ کان سے پانی نکالنے کے لیے بڑی مشینیں منگوائی گئی ہیں انہوں نے کہا کہ پانی نکالنے کے بعد ان کان کنوں کو نکالنے کی کوششوں کا دوبارہ آغاز کیا جائے گا تاہم سینئر اہلکار کے مطابق ان افراد کے زندہ بچ جانے کے امکانات انتہائی کم ہیں لسبیلہ بلوچستان کا کراچی سے متصل ضلع ہے جہاں سیسے کی یہ کان اس ضلع کے علاقے دودڑھ میں ہے سیسے کی اس کان پر ایک چینی کمپنی کام کررہی ہے دیگر صنعتیں نہ ہونے کی وجہ سے کان کنی بلوچستان کی ایک بڑی صنعت ہے بلوچستان میں زیادہ تر کانیں کوئلے کی ہیں مزدور تنظیموں نے بتایا کہ ان میں جدید اور مناسب حفاظتی انتظامات نہ ہونے کی وجہ سے نہ صرف حادثات پیش آتے رہتے ہیں بلکہ حادثات کی صورت میں پھنس جانے والے کان کنوں کے بچ جانے کے امکانات کم ہوتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :