چند روز میں یمن میں 72 گھنٹوں کی قابل توسیع جنگ بندی کے معاہدے کا اعلان کر دیا جائے گا، اسماعیل ولد الشیخ احمد

اس سلسلے میں یمنی صدر عبدربہ منصور ہادی سے ملاقات کے لیے سعودی عرب کا دورہ کریں گے، خصوصی ایلچی اقوام متحدہ

ہفتہ 8 اکتوبر 2016 10:40

صنعاء( اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔8اکتوبر۔2016ء )یمن کے لیے اقوام متحدہ کے خصوصی ایلچی اسماعیل ولد الشیخ احمد کا کہنا ہے کہ آئندہ چند روز میں یمن میں 72 گھنٹوں کی قابل توسیع جنگ بندی کے معاہدے کا اعلان کر دیا جائے گا اور ساتھ ہی اس جنگ بندی پر عمل درامد کے لیے امن کمیٹی کو فعال کر دیا جائے گا۔ولد الشیخ نے یہ بات گزشتہ روز سلطنت عمان کی سرکاری خبر رساں ادارے کو دیئے گئے ایک بیان میں کہی۔

انہوں نے یہ انکشاف بھی کیا کہ وہ اس سلسلے میں یمنی صدر عبدربہ منصور ہادی سے ملاقات کے لیے آج سعودی عرب کا دورہ کریں گے۔

(جاری ہے)

اقوام متحدہ کے ایلچی نے یہ عندیہ دیا کہحوثی" اور معزول صالح فائربندی کے لیے قائل اور امن اور کوآرڈی نیشن کمیٹی کے فعال ہونے پر آمادہ ہوچکے ہیں۔انہوں نے باور کرایا کہ یہ لوگ "کمیٹی کے کام میں شریک ہونے کے لیے تیار ہیں" جو کہ عمان میں بات چیت کا مثبت ترین نقطہ ہے۔ولد الشیخ کے مطابق آئندہ دو ہفتوں کے دوران اس بات کی توقع ہے کہ امن کے قیام اور یمن کے مسئلے کے حل کے واسطے اقوام متحدہ کے مربوط منصوبے کا حقیقی دستاویز پیش کر دیا جائے گا۔ تاہم انہوں نے واضح کیا کہ اس دستاویز کے پیش کیے جانے سے قبل بعض مشاورتیں مطلوب ہیں۔