عزیز آباد سے ملنے والے اسلحہ میں 3مختلف ممالک کا اسلحہ بھی شامل

2014سے اب تک متحدہ قومی موومنٹ کے مرکز نائن زیرو اور خورشید میموریل ہال کا انتظام چلانے والوں سے تفتیش کی جائیگی ، تحقیقاتی حکام

جمعہ 7 اکتوبر 2016 10:51

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔7اکتوبر۔2016ء) کراچی کے علاقے عزیزآباد سے برآمد ہونے والے اسلحہ میں 3مختلف ممالک کا اسلحہ بھی شامل ہیں ، 2014سے اب تک متحدہ قومی موومنٹ کے مرکز نائن زیرو اور خورشید میموریل ہال کا انتظام چلانے والوں سے تفتیش کی جائیگی ، عزیز آباد میں اسلحہ کی نشان دہی جن گرفتار ملزمان نے کی ان سے تحقیقات کے لیے جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

کراچی کے علاقے عزیزآباد سے برآمد ہونے والے اسلحہ اور گولہ بارود کے بارے میں مزید انکشافات سامنے آنے لگے ہیں۔حکام کا کہنا ہے کہ جس ٹینک سے اسلحہ اورگولہ بارود ملا وہ خصوصی طورپر اسی مقصد کے لیے ڈیزائن کیا گیا، ٹینک میں دونوں اطراف ہوا کے آنے جانے کے راستے بنائے گئے تھے۔تحقیقاتی حکام کے مطابق ٹینک کا ڈھکن خفیہ تھا، جو کھدائی کے نتیجے میں سامنے آیا، ٹینک میں دو مقامات پر ہوا کی گزر گاہ بھی بنائی گئی تھی، ایک گزر گاہ ڈھکن کے ساتھ دیوار میں بنائی گئی تھی ، دوسری گزر گاہ کا رخ گھر کے مرکزی دروازے کے ساتھ تھا۔

(جاری ہے)

تفتیشی ذرائع کا کہنا ہے کہ کراچی کے دیگر علاقوں یا عزیز آباد میں اسلحے کے مزید ذخیرے ہوسکتے ہیں،عزیز آباد سے بھارتی ،برطانوی اور روسی اسلحے کے ساتھ بھارتی جیکٹس بھی برآمد کی گئی ہیں۔تفتیشی ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ عزیز آباد میں اسلحے کی نشان دہی جن گرفتار ملزمان نے کی ان میں ایم کیوایم کے مبینہ کارکنان بھی شامل ہیں، جن سے تحقیقات کے لیے جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

تفتیشی ذرائع کے مطابق 2015ء میں خورشید بیگم میموریل ہال اور نائن زیرو کا انتظام چلانے والوں سے تفتیش کی جائے گی، ایم کیو ایم لندن اور ایم کیوایم پاکستان کو بھی شامل تفتیش کیا جائیگا۔جے آئی ٹی کی تشکیل کے لیے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے ڈی جی رینجرز اور آئی جی سندھ کی ایک اور ملاقات کا امکان بھی ہے۔

متعلقہ عنوان :