سعودی عرب کی سلامتی اور استحکام سرخ لکیر ہے:سوڈانی صدر

سعودی عرب کی سلامتی اور خود مختاری ہماری ذمہ داریوں میں شامل ہے، ہمارا ملک تمام پڑوسیوں کے ساتھ بہترین تعلقات چاہتا ہے ، عمر البشیر

جمعہ 7 اکتوبر 2016 10:39

قاہرہ (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔7اکتوبر۔2016ء)افریقا کے عرب ملک سوڈان کے صدر محمد عمر البشیر نے ایک بار پھر سعودی عرب کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ سعودی عرب کی سلامتی اور استحکام سرخ لکیر ہیں جنہیں نقصان پہنچانے کی کسی صورت میں اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے یہ بات امریکی کانگریس میں منظور ہونے والے ایک مزعومہ دہشت گردی ایکٹ ’جاسٹا‘ پر چھڑنے والی بحث کے تناظر میں جاری کیا ہے۔

سوڈانی صدر عمر البشیر نے حالیہ موسم حج کے دوران حجاج کرام کو ہرممکن سہولت فراہم کرنے اور اللہ کے مہمانوں کی خدمت کرنے کی سعودی مساعی کو خراج تحسین پیش کیا۔ایک بیان میں سوڈانی صدر نے کہا کہ سعودی عرب کی خدمات کو بلا کم وکاست تسلیم کیا جائے اور مملکت کی سلامتی اور امن واستحکام کے لیے ریاض کا ساتھ دیا جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب کی سلامتی اور خود مختاری ہماری ذمہ داریوں میں شامل ہے۔

مملکت کی سالمیت، سلامتی، خود مختاری اور امن استحکام سرخ لکیر ہیں جسے کسی صورت میں نقصان پہنچانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔صدر عمر البشیر کا کہنا تھا کہ ان کا ملک تمام پڑوسی ملکوں کے ساتھ اچھے ہمسائے کے طور پر رہنے کا خواہاں ہے۔ سب مل کر شام اور لیبیا کے بحرانوں کا حل تلاش کررہے ہیں۔ کویت کی جانب سے یمن کے بحران کے حل کے لیے ہونے والی مساعی بھی قابل تحسین ہیں۔انہوں نے کہا کہ مصر اور سوڈان کی قیادت کے درمیان باہمی میل ملاقات دو طرفہ تعاون کے فروغ میں معاون ثابت ہوگی۔

متعلقہ عنوان :